Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

3 امریکی فوجیوں کی ہلاکت، سابق امریکی صدر جوبائیڈن پربرس پڑے

واشنگٹن: اردن میں 3 امریکی فوجیوں کی ہلاکت پر سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جوبائیڈن پربرس پڑے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کہتے ہیں کہ مشرق وسطیٰ میں افواج پرحملہ جوبائیڈن کی ناکامیوں کا نتیجہ ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ کے لیے یہ حملہ خوفناک اورخطرے کی گھنٹی ہے، تیسری عالمی جنگ ہونے جارہی ہے۔

سابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اگر میں حکومت میں ہوتا تو روس یوکرین پر حملہ نہ کرتا اور نہ ہی 7 اکتوبر کو حماس حملہ کرتا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی صدر جوبائیڈن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مزید کہا کہ جوبائیڈن کی کمزور پالیسیوں کی وجہ سے امریکہ نے سرینڈر کردیا ہے۔

اس سے قبل امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ اردن میں 3 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا امریکہ ضرور جواب دے گا۔

جوبائیڈن نے کہا کہ گزشتہ روز مشرق وسطیٰ میں ہمیں مشکل دن کا سامنا کرنا پڑا، فوجی اڈے پر ڈرون حملے میں امریکہ نے 3 فوجیوں کو کھودیا ہے۔

خیال رہے کہ اردن میں امریکی فوجی اڈے پر ڈرون حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں 3 امریکی فوجی ہلاک اور 2 درجن سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے آغاز کے بعد سے مشرق وسطیٰ میں یہ امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا پہلا واقعہ ہے۔

اس حوالے سے امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون حملہ شامی سرحد کے نزدیک اردن میں امریکی فوجی اڈے پرکیا گیا جب کہ یہ حملہ عراق اور شام میں سرگرم ایرانی حمایت یافتہ عسکری گروپوں نے کیا ہے۔