Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جلد بڑھاپے سے بچنا چاہتے ہیں تو یہ غذائیں آج ہی ترک کردیں!

اگر آپ بھی جلدی بوڑھا ہونا نہیں چاہیے تو مندرجہ ذیل میں بتائی گئی غذائیں آج ہی کھانا چھوڑ دیں۔

ڈبل روٹی

سفید ڈبل روٹی بیشتر گھروں میں ناشتے کا لازمی حصہ ہوتی ہے اور اس کے بغیر ہر عمر کے افراد ناشتے کو ادھورا سمجھتے ہیں حالانکہ اس کا زیادہ استعمال صحت کے لیے مفید نہیں۔

اس میں گلائسیمک انڈیکس زیادہ ہوتا ہے، جس کی وجہ سے بلڈ شوگر بڑھ جاتا ہے اور عمر بڑھنے کی رفتار تیز کرنے کا باعث بنتا ہے۔

تلی ہوئی چیزیں

تلی ہوئی چیزیں کبھی کبھار کھانا تو ٹھیک ہے، مگر ان کا استعمال معمول بنالینا نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔

بہت زیادہ درجہ حرارت میں بننے والی ان غذاﺅں میں موجود آئل اور چربی انسانی جسم کا حصہ بنتی ہے، جس کے نتیجے میں بڑھاپے کا باعث بننے والے مضر اجزاء تیزی سے بننے لگتے ہیں اور دیگر امراض کا خطرہ بھی لاحق ہوجاتا ہے۔

مارجرین

کئی لوگ مارجرین کو مکھن کا بہتر متبادل سمجھ کر ناشتے کا حصہ بنالیتے ہیں لیکن یہ صحت کے لیے ہرگز مفید نہیں ہے۔

مارجرین میں موجود ٹرانس فیٹ جسم میں پانی کی سطح کو کم کرتا ہے، اس کے سبب جِلد نمی سے محروم ہونے لگتی ہے، نتیجتاً نہ صرف تیزی سے جھریاں نمودار ہونے لگتی ہیں بلکہ قبل از وقت بڑھاپا بھی طاری ہوجاتا ہے۔

پیسٹری

پیسٹریاں اگرچہ کھانے میں انتہائی مزیدار ہوتی ہیں لیکن یہ اکثر بہت زیادہ چینی اور غیرصحت بخش چکنائی سے بھرپور ہوتی ہیں۔

یہ گلائی کیشن کو بڑھا سکتی ہے جو کولیجن کو نقصان پہچانے کا باعث ہے، کولیجن جلد کو صاف رکھنے کا کام کرتا ہے، اس کو نقصان پہنچنے سے جِلد ڈھلکنے لگ جاتی ہے۔

سفید چینی

سفید چینی نہ صرف خون میں چینی کی سطح کو بڑھا دیتی ہے بلکہ سوزش کا باعث بھی بنتی ہے اور کولیجن کو بھی نقصان پہنچاتی ہے۔

یہ جسمانی وزن میں اضافے کے ساتھ ساتھ آپ کے چہرے کی عمر بھی بڑھا دیتی ہے۔

پراسیس گوشت

ضرورت سے زیادہ پراسیس شدہ گوشت کینسر کا باعث بن سکتا ہے اور اسے کھانے سے عمر تیزی سے بڑھنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

یہ جسم میں ایسے مضر اجزا کی تعداد بڑھا دیتا ہے جو ڈی این اے اور خلیات پر اثرانداز ہوکر انہیں نقصان پہنچاتے ہیں، صحت مند اور طویل زندگی گزارنے کے لیے پراسیس گوشت سے گریز کرنا چاہیے۔

کولڈ ڈرنکس

چینی اور مصنوعی اشیا سے بھرپور کولڈ ڈرنکس آپ کی جلد میں کولیجن کی سطح کو تباہ کر سکتے ہیں، جس سے قبل از وقت جھریاں پڑ جاتی ہیں۔

اس کا بہت زیادہ استعمال موٹاپے کا سبب بنتا ہے جبکہ ذیابیطس، دل کی بیماریوں اور فالج وغیرہ کا خطرہ بھی بڑھا دیتا ہے۔