پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں پر دستخط
باکو: پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں پر دستخط ہوگئے ہیں۔
پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں وزیر اعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران پاکستان اور آذربائیجان میں ایل این جی کی خرید و فروخت کے فریم ورک معاہدے میں ترمیمی معاہدہ ہوا۔
اس کے علاوہ اسٹیٹ آئل کمپنی آذربائیجان اور ایف ڈبلیو او میں مچلکے ٹھلیاں وائٹ آئل پائپ لائن منصوبے کی مفاہمتی یادداشت اور سٹیٹ آئل کمپنی آذربائیجان اور پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
آذربائیجان کے شہر نخ چیوان اور پاکستان کے شہر لاہور کے درمیان ثقافتی تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
طے شدہ معاہدوں کو ایک ماہ میں حتمی شکل دیں گے، وزیراعظم
اس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر عزت مآب الہام علیوف نے مشترکہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کےدرمیان شراکت داری پر خوشی ہے۔
وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر آذربائیجان کے دورے کی دعوت پر مشکور ہوں، باکوکی طرز پر اسلام آباد کو خوبصورت شہر بنانے میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کے صدر کے ساتھ انتہائی تعمیری مذاکرات ہوئے، صدر کے پاکستانی عوام کے ساتھ لگاؤ پر فخر ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آذربائیجان سے دوستی کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں میں اتفاق ہے، باہمی مفاد کے مشترکہ منصوبوں سے دونوں ممالک کے عوام مستفید ہوں گے، دونوں ممالک کے تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ گئے، طے شدہ معاہدوں کو ایک ماہ میں حتمی شکل دیں گے، 2ارب ڈالر سرمایہ کاری کے معاہدوں پر اپریل میں دستخط ہوں گے۔
انکا کہنا تھا کہ آذربائیجان سے بہترین برادرانہ تعلقات کے لیے سیاسی قیادت متحد ہے، قریبی دوطرفہ تعلقات کو معاشی میدان میں وسعت دینی ہے، دوطرفہ تعاون کے معاہدوں کی تکمیل کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر پر آذربائیجان کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہیں، مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق عمل ہونا چاہیے۔
پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں، صدر آذربائیجان
دوسری جانب آذربائیجان کے صدر عزت مآب الہام علیوف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خطے کی صورتحال، سلامتی کے امور پر یکساں نقطہ نظر رکھتے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کےدرمیان شراکت داری پرخوشی ہے، دونوں ممالک کی تجارت کے حجم میں اضافہ ہورہا ہے، دونوں ملکوں میں شراکت داری کوفروغ دے رہے ہیں۔
صدر آذربائیجان نے مزید کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں، دونوں ممالک میں دفاعی تعاون بڑھانے پراتفاق ہوا، مختلف شعبوں میں معاہدے دوطرفہ تعلقات میں اہم پیشرفت ہے، دفاعی پیداوار، صنعتی شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال ہوا، جن منصوبوں پر بات ہوئی انہیں ایک ماہ میں حتمی شکل دیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
