لڑکے والوں نے جہیز میں ایسا کیا مانگ لیا؟ دلہن والے دنگ رہ گئے

کلثوم ہرا

26th Jul, 2021. 10:16 pm

بھارت میں لڑکے کے والدین نے جہیز میں ایسی عجیب و غریب چیزیں مانگ لی جس سے دلہن والے دنگ رہ گئے، مجبوراً لڑکی والوں نے پولیس کے پاس شکایت درج کروا دی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر اورنگ آباد میں دو خاندانوں کے درمیان ایک طے شدہ شادی کا معاملہ اس بات پر خراب ہو گیا کہ لڑکے والوں نے اچانک عجیب و غریب چیزوں کی فرمائش کردی۔

لڑکے کے والدین نے مطالبہ کیا کہ لڑکی والے جہیز کے طور پر 21 ناخنوں والا کچھوا اور مخصوص نسل کا سیاہ کتا بھی دیں۔

خیال رہے کہ اورنگ آباد کے ایک کاروباری نے اپنی بیٹی کا رشتہ ناسک کے ایک ریٹائرڈ فوجی کے بیٹے سے طے کیا، اور 2 لاکھ روپے جہیز کی رقم اور ایک بُلیٹ موٹر سائیکل پر باہمی رضامندی ہوگئی۔

تاہم لڑکی کے والد کا الزام ہے کہ رشتہ طے ہونے کے بعد لڑکے والوں کی مانگ بڑھتی گئی، جس میں رقم کے علاوہ عجیب وغریب مطالبات شامل تھے، لڑکی کے والد کے دعوے کے مطابق لڑکے والوں نے جہیز میں 21 ناخنوں والا کچھوا اور مخصوص نسل کا کالا کتا بھی مانگ لیا۔

عجیب و غریب مطالبات سے پریشان ہو کر لڑکی والے پولیس اسٹیشن پہنچ گئے، اور انھوں نے ایف آئی آر درج کروا دی، جس پر پولیس یہ تفتیش کر رہی ہے کہ ملزمان نے عجیب وغریب مطالبہ کیوں کیا؟ کہیں جادو ٹونا اس کی وجہ تو نہیں، یا پھر رشتہ طے نہ ہونے کی صورت میں لڑکی والوں کی طرف سے بے بنیاد الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔

Adsence 300X250