لوڈ شیڈنگ سے ستائی عوام کو ایک اور بڑا جھٹکا مل گیا ہے ۔ حکومت نے پیٹرول کے بعد عوام پر بجلی بم بھی گرادیا۔
بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 3 روپے 99 پیسے اضافے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ نیپرا میں اپریل کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ پر سماعت ہوئی جس میں لوڈشیڈنگ سے ستائی عوام پر نیپرا نے ایک اور بم گرادیا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کی عوام پر پیٹرول کے بعد بجلی بم گرانے کی تیاری
سماعت کے دوران بجلی کی قیمت میں 3 روپے 99 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ نیپرا اعداد وشمار کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد فیصلہ بعد میں جاری کرے گا۔
اضافے سے بجلی صارفین پر 51 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا اور آئندہ آنے والے مہینوں میں یہ وصولیاں کی جائیں گی۔
سماعت کے دوران نیپرا حکام کا کہنا تھا کہ اپریل میں گیس سے 7.82 اور ایل این جی سے 10.78 فیصد کم بجلی پیدا کی گئی اور اس کمی کو فرنس آئل چلا کر پورا کیا گیا۔
حکام کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں کوئلے اور فرنس آئل کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے، اینگرو پاورکا ایک پاور پلانٹ بیلٹ ٹوٹنے کے بعد اب تک بحال نہیں ہوسکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرول کے بعد گیس کی قیمت میں بھی بڑے اضافے کا امکان
ممبر نیپرا سندھ رفیق شیخ کا کہنا تھا کہ 33 گیس پاور پلانٹس میرٹ آرڈر میں سرفہرست ہیں، دو اڑھائی سال سے گیس نہیں مل رہی تو یہ سرفہرست کیوں ہیں جبکہ نیپرا کی میرٹ آرڈر کی لسٹ کو درست کرنے کی بھی ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نیپرا نے کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے مارچ کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 4 روپے 83 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی تھی۔
بجلی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن نیپرا کی جانب سے جاری کردیا گیا ہے جبکہ اس حوالے سے نیپرا کا کہنا تھاکہ کے الیکٹرک نے 5 روپے 27 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی جس پر اتھارٹی نے ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی۔
دوسری جانب پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 500 میگاواٹ تک جاپہنچا ہے جبکہ طلب 26 ہزار میگاواٹ ہے اور بجلی کی مجموعی پیداوار 19 ہزار500 میگاواٹ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر خزانہ کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا عندیہ
ذرائع کے مطابق پن بجلی سے 4 ہزار 635 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے جبکہ سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 1 ہزار 60 میگاواٹ بجلی بنا رہے ہیں۔
علاوہ ازیں آئی پی پیز سے 9 ہزار 677 میگاواٹ بجلی حاصل کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹوں تک کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ زیادہ لائن لاسز والے علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News