اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دے دی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کے اعلامیے کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ای سی سی کو بتایا گیا کہ چینی کی قیمتوں میں حالیہ دنوں میں کمی واقع ہوئی ہے، ای سی سی نے تاجکستان کو 40 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی بھی منظوری دی۔
علاوہ ازیں کمیٹی نے فرنٹیئر کاپس کے ہیڈ کوارٹر کی تعمیر کے لیے 45 کروڑ 66 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کرلی ہے جب کہ وزیر خزانہ نے ای سی سی کو موجودہ معاشی صورت حال کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔
اجلاس میں وزیر خزانہ نے بتایا کہ روپے کی قدر میں استحکام معاشی حالات کی درستگی کی عکاس ہے، ترسیلات زر کی وصولی میں بھی اضافہ ہورہا ہے جب کہ آئی ٹی کی برآمدات 30 کروڑ ڈالر ماہانہ تک پہنچ چکی ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے تحت 16 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز گذشتہ ماہ موصول ہوئے ہیں، افراد زر میں سنگل ڈجٹ کی حد تک نمایاں کمی ہوئی ہے اور ستمبر میں مزید کمی کی توقع ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کی صورت حال مکمل قابو میں ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ اگست کے مہینے میں کرنٹ اکاؤنٹ 75 بلین ڈالر سرپلس رہا ہے، اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں 450 بیسز پوائنٹ تک کمی کی ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے ٹریژری بلز کی تمام بولیاں مسترد کی گئی ہیں، بولیاں مسترد کرکے یہ بتایا گیا ہے کہ حکومت قرض کے حصول کے لیے بے چین نہیں ہے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ 25 ستمبر کو آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اجلاس سے خوش خبری ملنے کی توقع ہے، پاکستان میکرو اکنامک استحکام کے راستے پر گامزن ہو کر مائیکرو اکنامک استحکام کی منزل پاسکتا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News