
ٹیکسٹائل برآمدات میں 9.38 فیصد اضافہ ریکارڈ
اسلام آباد: رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں ٹیکسٹائل برآمدات میں 9.38 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رواں مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ (جولائی تا مارچ) کے دوران پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات میں 9.38 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ادارہ شماریات پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس عرصے میں ٹیکسٹائل گروپ کی مجموعی برآمدات 13 ارب 61 کروڑ ڈالرز سے تجاوز کرگئیں۔
ادارہ شماریات نے بتایا کہ مارچ کے مہینے میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں 9.97 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا جس کے تحت برآمدات کا حجم 1 ارب 43 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔
ٹیکسٹائل گروپ کی مختلف مصنوعات کی برآمدات کا جائزہ لیا جائے تو رواں مالی سال کے 9 ماہ میں ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات میں 19.05 فیصد جب کہ ملبوسات کی مجموعی برآمدات میں 16.82 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا۔
اسی طرح بیڈنگ مصنوعات کی برآمدات میں 13.70 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب کہ تولیے کی برآمدات میں 4.46 فیصد اور سوتی کپڑے کی برآمدات میں معمولی 0.11 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔
تاہم کچھ شعبوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی اور دھاگے کی برآمدات میں 32.01 فیصد کمی واقع ہوئی جب کہ خام کپاس کی برآمدات میں نمایاں کمی، یعنی 98.45 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی۔
ادارہ شماریات نے مزید بتایا کہ خیموں، کینوس اور ترپالوں کی برآمدات میں اسی عرصے کے دوران 14.46 فیصد کا اضافہ ہوا جو مثبت رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News