
ملکی معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن، تاہم مہنگائی میں اضافے کا خدشہ
اسلام آباد: ملکی معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں تاہم مہنگائی میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
وزارت خزانہ نے ملکی معیشت سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس، ترسیلات زر اور برآمدات میں بھی نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔
وزارت خزانہ نے بتایا کہ اپریل میں مہنگائی کی شرح ڈیڑھ سے دو فیصد تک رہنے کا امکان ہے جب کہ مہنگائی کی شرح آئندہ ماہ تین سے چار فیصد تک ریکارڈ کئے جانے کا تخمینہ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پہلے 9 ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ ایک ارب 85 کروڑ ڈالر سرپلس رہا، ترسیلات زر 33 فیصد اضافے کے ساتھ 28 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئیں جب کہ اسی عرصے کے دوران برآمدات 24 ارب 66 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔
وزارت خزانہ نے کہا کہ جولائی تا مارچ ٹیکس آمدن میں 25 فیصد اضافہ ہوا، اسی عرصے کے دوران نان ٹیکس ریونیو 72 اعشاریہ نو فیصد اضافہ ہوا اور نان ٹیکس ریونیو کا حجم تین ہزار 933 ارب روپے رہا۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ صنعتی و زرعی شعبوں میں آئندہ مہینوں میں بتدریج بہتری متوقع ہے، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 14 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا مجموعی حجم ایک ارب 64 کروڑ ڈالر رہا۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ماہ مارچ کے دوران 58 ہزار 55 افراد روزگار کے لیے بیرون ملک گئے، فروری کے مقابلے میں اوورسیز ایمپلائمنٹ رجسٹریشن میں 17 فیصد اضافہ ہوا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ آٹو موبائل کی پیداوار اور خام مال کی درآمدات میں بھی بہتری آئی، آنے والے مہینوں میں زرعی شعبے میں بھی بہتری کی امید ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News