
پراپرٹی کی خریدو فروخت پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پراپرٹی کی خریدو فروخت پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وفاقی حکومت نے تعمیراتی صنعت کو سہارا دینے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پراپرٹی کی خرید و فروخت پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس اہم فیصلے پر ایسوسیشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (آباد) کے چیئرمین اور وزیرِاعظم کی ٹاسک فورس برائے ترقی و ہاؤسنگ کے رکن محمد حسن بخشی نے حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے ایک حوصلہ افزا قدم قرار دیا ہے۔
حسن بخشی نے کہا کہ پراپرٹی پر ایف ای ڈی کا خاتمہ نہ صرف سرمایہ کاری کے فروغ کا باعث بنے گا بلکہ یہ تعمیراتی صنعت کی بحالی میں بھی مددگار ہوگا۔
ان کے مطابق اگر حکومت ان اقدامات کو مزید وسعت دے تو تعمیراتی شعبے سے وابستہ دیگر صنعتوں کو بھی تقویت ملے گی اور روزگار کے مواقع میں نمایاں اضافہ ممکن ہوگا۔
آباد کے چیئرمین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 236C اور 236K کے تحت عائد ٹیکسز میں بھی کمی کی جائے تاکہ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مزید اضافہ ہو۔
ساتھ ہی انہوں نے تجویز دی کہ حکومت سیکشن 7E کے تحت ریئل اسٹیٹ پر عائد ٹیکسز میں نرمی اور سہولیات فراہم کرنے پر بھی غور کرے۔
محمد حسن بخشی نے زور دیا کہ ملکی معیشت کے استحکام کے لیے ٹاسک فورس کی سفارشات پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔ اگر عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) ان سفارشات کو تسلیم نہیں کرتا تو وزیرِاعظم کو چاہیے کہ وہ قومی مفاد میں خود پیشرفت کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ہم خطے کی معاشی دوڑ میں آگے رہیں۔ اپنی انڈسٹری کو سہولیات اور مراعات دے کر ہی ہم بین الاقوامی سطح پر مؤثر مقابلہ کرسکتے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News