پاکستان فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایکسپورٹرز امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد کے مطابق کینو کی برآمدات 5 سال میں 50 فیصد کم ہوگئی ہے۔
وحید احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان سے رواں سیزن 3 لاکھ ٹن کینو برآمد کیا جائے گا، جبکہ کینو کی برآمد کا ہدف پورا ہونے کی صورت میں 11 کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کینو کی پیداوار میں شدید کمی
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سیزن 17 لاکھ ٹن جبکہ رواں سیزن 27 لاکھ ٹن کینو کی پیداوار متوقع ہے، بمپر پیداوار سے مقامی مارکیٹ میں قیمت میں کمی ہوگی، اور کینو کی بمپر پیداوار کے باوجود ایکسپورٹ گزشتہ سال سے صرف پچاس ہزار ٹن زائد ہوگی۔
وحید احمد نے بتایا کہ پاکستان سے کینو کی برآمدات پانچ سال میں پچاس فیصد تک کم ہوچکی ہے، گزشتہ سال ڈھائی لاکھ ٹن کینو برآمد کیا گیا جس سے 9 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ پانچ سال قبل پاکستان سے ساڑھے پانچ لاکھ ٹن کینو برآمد کیا جارہا تھا، کینو کی ورائٹی پرانی اور ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت کھو چکی ہے۔
وحید احمد نے مزید کہا کہ نئی ورائٹیز اور جدید طریقے اختیار کرکے پانچ سال میں برآمدات 400 ملین ڈالر تک بڑھائی جاسکتی ہیں، کینو سمیت زرعی شعبے کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات ضروری ہیں۔




















