اسلام آباد: کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے خوارج کی سرکاری اسکولوں پر حملوں کی منصوبہ بندی پر عمل درآمد شروع ہوگیا ہے۔
22 جولائی 2024 کو ٹی ٹی پی خوارج نے میر علی کے گاؤں زیرکئی کے گورنمنٹ گرلز ماڈل اسکول فضل الہیٰ کوٹ کی عمارت کو بارودی مواد سے اڑا دیا، دھماکے سے اسکول کی عمارت کا ایک حصہ تباہ ہو گیا۔
اس کے علاوہ ٹانک میں 26 سال سے ٹیچنگ کے فرائض سرانجام دینے والے میرا جان (عمر 51 برس، ساکن ملازئی ٹانک) کو ٹی ٹی پی کے خوارج دہشت گردوں نے ٹارگٹ کلنگ کر کے شہید کر دیا، سینئر ٹیچر میرا جان 25 سال سے درس وتدریس کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔
خوارج کی جانب سے اسکولوں اور سرکاری عمارتوں کو نشانہ بنانا اور ٹیچرز کی ٹارگٹ کلنگ ظاہر کرتی ہے کہ خارجی نور ولی محسود کی حالیہ خفیہ کال پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے۔
دشمن کے آلہ کارٹی ٹی پی کے انتہا پسند خوارج نے نام نہاد شریعت کا لبادہ اوڑھ کر پاکستان کے امن کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی ہے، بدامنی پھیلانے کے اس مکروہ دھندے میں خوارج عملی طور پر اور پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستانی عوام کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
حالیہ ڈی آئی خان کے علاقے کری شموزئی میں خوارج کی جانب سے دیہی ہیلتھ سنٹر پر حملہ کر کے معصوم مرد وخواتین اور بچوں کو شہید کرنا بھی اسی سلسلے کی کڑی ہیں، اسکولوں اور عوامی بہبود کے سنٹرز پر حملے کرنا اور معصوم عوام کو نشانہ بنانا ٹی ٹی پی خوارج کی نام نہاد شریعت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
افغان طالبان اور ٹی ٹی پی کے انتہا پسند نظریات اور خواتین کے حقوق خصوصاً تعلیم کو نشانہ بنانا ثبوت ہے کہ ٹی ٹی پی اور ٹی ٹی اے ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔
خیبر پختونخوا میں بدامنی پھیلانے کے اس منصوبے کے ذمہ داران میں وہ تمام عناصربھی ذمہ دار ہیں جو آپریشن عزم استحکام کیخلاف ہیں، صوبائی حکومت امن و عامہ کی ذمہ دار ہوتی ہے لہذا یہ خیبر پختونخوا حکومت کی ذمہ داری ہے کہ سرکاری املاک خصوصاً اسکولوں کی حفاظت کرے۔
ضلع ٹانک کے گرلز اسکول پر بزدلانہ دہشت گرد حملے اور معصوم ضعیف ٹیچر کے قتل میں خارجی نور ولی محسود ملوث ہے، خارجی نور ولی محسود افغان طالبان کے زیر سایہ اپنے مکروہ منصوبوں پر عمل پیرا ہے، اس حملے کے ذمہ داروں کو فوری طور پر قانونی شکنجے میں لایا جائے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News