وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ صرف دو ماہ میں تقریباً ایک لاکھ بتیس ہزار انڈر گرایجویٹ طلباء نے آن لائن ایچ ای سی پورٹل کے ذریعے سکالرشپ منصوبے کے لئے درخواست دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پچاس ہزار خواتین درخواست گزاروں سمیت تقریباً ایک لاکھ بتیس ہزار انڈر گرایجویٹ طلباء نے آن لائن ایچ ای سی پورٹل کے ذریعے احساس انڈر گریجوایٹ سکالرشپ منصوبے کے لئے درخواست دی ہے۔ اس منصوبے کا افتتاح وزیراعظم نے دو ماہ پہلے کیا تھا۔
یہ بات منگل کے روز اسلام آباد میں احساس سکالرشپ رہبر کمیٹی کے اجلاس کے دوران بتائی گئی جس کی صدارت سماجی تحفظ کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری نے مشترکہ طور پر کی۔
آئی آر ڈبلیو حکومت کے احساس پروگرام میں پارٹنر بنے، عمران خان
اجلاس کو بتایا گیا کہ نجی شعبے کی یونیورسٹیوں میں زیرتعلیم کم آمدنی والے خاندانوں سے تعلق رکھنے والے تمام طلباء درخواست دینے کے اہل ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ احساس انڈر گرایجویٹ سکالرشپ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشترکا کہنا تھا کہ آج ملکی تاریخ کی سب سے بڑی سکالرشپ سکیم کا آغاز ہوا ہے، سابقہ حکومتیں پی ایچ ڈی اور پوسٹ گریجویٹس سکالرشپس پر توجہ دیتی تھیں، ملکی تاریخ پہلی دفعہ انڈرگریجویٹ سکالرشپ پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پروگرام کا مقصد غریب طلبہ کی مالی معاونت اور انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔ غربت کے خاتمہ کیلئے انڈر گریجویٹس سکیم زیادہ معاون ثابت ہوتی ہیں۔
ثانیہ نشتر نے کہا کہ سکالرشپ سکیم میں میرٹ کے ساتھ مالی معاونت کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔ طالب علموں کو سکیم کے تحت ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔ مستحق طلبہ کیلئے وظیفہ کی بہت اہمیت ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سکالرشپ پروگرام میں 2 فیصد کوٹہ معذور افراد کیلئے مختص ہے۔ ایک سال میں 50 ہزار سے زائد سکالرشپ دیئے جائیں گے۔ تمام سرکاری یونیورسٹیوں کے طلبہ سکالرشپ کیلئے اہل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت پورٹل کھول دیا گیا ہے۔ درخواستوں کی وصولی جاری ہے۔ احساس پروگرام کے تحت غیر ہنرمند مزدوروں کیلئے پروگرام شروع کریں گے۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدارس کے بچے بھی بڑے پیمانے پر اس پروگرام سے مستفید ہوں گے۔ بڑے پیمانے پر انڈرگریجویٹ سکالرشپ پروگرام کا آغاز انقلاب ثابت ہوگا۔ سکالرشپ پروگرام غریب اور مستحق طلبہ کو مالی طور پر مستحکم کرے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
