پاکستان شوبز انڈسٹری کے مشہور و معروف اداکار فیصل قریشی نے کہا ہے کہ اُن کو رمضان ٹرانسمیشن کرنے سے دین کو قریب سے جاننے کا موقع ملا۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکار فیصل قریشی نے کہا کہ انہوں نے زندگی میں کئی بار موت کو چھو کر واپس زندگی کی طرف لوٹنے کا تجربہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تین چار بار ایسے تجربات کئے ہیں جب میں نے کلمہ پڑھ لیا تھا لیکن زندگی دینے والی ذات اللہ تعالیٰ کی ہے اس نے ہر بار بچالیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک بار میں کہیں جارہا تھا تو میری گاڑی کا ٹائر ایک موڑ پر پھٹ گیا اور اس کے بعد کیا ہوا مجھے کچھ صحیح سے یاد نہیں، میں نے کلمہ پڑھ لیا تھا کہ اب تو گیا، بس اتنا یاد ہے کہ آس پاس کے لوگوں نے آکر مجھے گاڑی سے نکالا جبکہ وہاں موجود بچے سمجھ رہے تھے کہ یہ کسی ڈرامے کی شوٹنگ ہو رہی ہے۔
فیصل قریشی نے کہا کہ اس حادثے کے وقت انہوں نے سیٹ بیلٹ پہنی ہوئی تھی اس لیے زیادہ نقصان نہیں ہوا سروائیکل پر چوٹ آئی تھی۔ اگر سیٹ بیلٹ نہیں پہنتا تو شاید گاڑی کا شیشہ توڑ کر باہر جاگرتا۔
اداکار نے بتایا کہ اس کے علاوہ مختلف ڈراموں کی شوٹنگ کے دوران بھی مختلف حادثات کا شکار ہوا جن میں ایک بار ہاتھ کی نبض کٹ گئی تھی جسے دیکھ کر ساتھی فنکارہ فرح شاہ بےہوش ہوگئی تھیں جبکہ احسن بھائی نے ہاتھ پر روئی رکھ کر خون کو بہنے سے روکا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حقیقی معنوں میں ان کی زندگی اس وقت بدلی جب انہوں نے رمضان ٹرانسمیشن کی اور اس دوران دین کو قریب سے جاننے کا موقع ملا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News