لائن کنگ کے مفاسا کو آواز دینے والے معروف اداکار جیمز ارل جونز کا انتقال ہو گیا ہے۔
اسٹار وارز کے ڈارتھ ویڈر اور لائن کنگ کے مفاسا کو آواز دینے والے معروف ہالی ووڈ اداکار جیمز ارل جونز گزشتہ روز 93 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
جیمز ارل جونز نے اپنی آواز کا جادو جگانے کے ساتھ ساتھ بے شمار ہالی ووڈ فلموں میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے جن میں روٹس، کمنگ ٹو امریکا، دا ہنٹ فار ریڈ آکٹوبر جیسی فلمیں شامل ہیں۔
جیمز ارل جونز کی اعلیٰ کارکردگی کے اعتراف میں انہیں ایک آسکر ، ایک گریمی، 3 ایمی اور 3 ٹونی ایوارڈز سے نوازا گیا۔
معروف ہالی ووڈ اداکار جیمز ارل جونز بچپن میں ہکلاتے تھے، اسی وجہ سے جیمز نے بچپن میں بات چیت کرنا ترک کردی تھی اور وہ خاموش رہنے لگے تھے۔
پھر ان کے ہائی اسکول کے ایک استاد نے دیکھا کہ جیمز شعر کہنے میں دلچسپی رکھتے ہیں، ان کے استاد نے جیمز سے کلاس میں باآواز بلند اپنی لکھی ہوئی شاعری ہی پڑھنے کو کہا۔
کچھ عرصے بعد خود جیمز کو بھی محسوس ہوا کہ وہ جب اپنے حافظے سے کوئی چیز پڑھتے ہیں تو وہ کم ہکلاتے ہیں۔
وقت گزرنے کے ساتھ جیمز صداکاری کی دنیا میں ایک اتھارٹی سمجھے جانے لگے اور کمرشل وائس اوورز، ڈاکومنٹری فلموں اور کمپیوٹر گیمز میں ان کی آواز ایک خاص پہچان بن گئی۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News