پاکستان کے معروف اداکار کاشف محمود کا کہنا ہے کہ گھر میں سب سے بڑا ہونے کے باوجود میرے والدین نے مجھے اداکاری سے نہیں روکا۔
حال ہی میں پاکستان کے معروف اداکار کاشف محمود نے نجی ٹی وی چینل کے شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے کیرئیر کیلئے کی جانے والی جدوجہد پر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ ’کیرئیر کے آغاز میں 7 سال تک کام کیلئے پی ٹی وی کے پیدل چکر کاٹتا رہا، پی ٹی وی آفس کی سڑک پر لگے سلطان راہی، عابد علی اور محمد قوی کے بڑے بڑے پوسٹرز دیکھ کر سوچتا تھا کہ کبھی ان پر میرے بھی پوسٹر ہوں گے، پہلے ڈرامے میں بطور اضافی اداکار کردار ادا کیا، اس ڈرامے میں بھی صرف میرے بال اور پیچھے کا حصہ ہی دکھایا گیا جس پر بھی لوگوں کو خود بتاتا رہا کہ یہ میں ہوں‘۔
کاشف محمود نے کہا کہ ’ انسان کی زندگی میں کی گئی جدوجہد اسے سیکھنے میں مدد دیتی ہے، میری کامیابی میں میری فیملی نے بہت سپورٹ کیا، گھر میں سب سے بڑا ہونے کے باوجود میرے والدین نے مجھے اداکاری سے نہیں روکا ‘۔
انہوں نے کہا کہ ’پہلے ڈرامے کی تیاری کے وقت میرے پاس بائیک میں ڈالنے کیلئے ایک لیٹر پیٹرول بھی نہیں ہوتا تھا لیکن میں نے اچانک ہی 22 سے 23 لاکھ سے تیار ہونے والے ڈرامے کی منصوبہ بندی کرلی‘۔
اداکار نے کہا کہ ’اپنے پہلے ڈرامے کیلئے میں نے کئی لوگوں سے قرضہ لیا، امی کے زیور گروی رکھے، اس وقت اتنے لوگوں سے ادھار لے لیا تھا کہ گلیوں سے نکلنا محال تھا اور پھر وہ ڈرامہ سپر ہٹ ہوگیا لیکن جس چینل پر یہ ڈرامہ نشر کیا گیا وہ چینل بند ہوگیا، کچھ عرصے بعد چینل تو کھل گیا لیکن پیسے آج تک نہیں ملے، بعدازاں اس ڈرامے کو میں نے پی ٹی وی پر آن ائیر کروایا اور یوں 22 لاکھ کا قرضہ بھی اترا اور 7 لاکھ کی بچت بھی ہوگئی‘۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News