ٹوئسٹنگ مساج تھائی لینڈ کی مشہور گلوکارہ فنگ چیاڈا کی موت کی وجہ بن گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نوجوان گلوکارہ فنگ چیاڈا کی گردن مروڑنے والے مساج کے دوران گردن میں ہرنی ایٹڈ اسپائن ڈسک متاثر ہو کر سلپ ہوگئی تھی جو ان کی موت کی وجہ بنی۔
افسوسناک واقعہ تھائی لینڈ کے علاقے اوڈون تھانی میں پیش آیا، جہاں فنگ چیاڈا نے کندھے کے درد سے نجات کیلئے مقامی مساج سینٹر سے گردن مروڑنے والا مساج کروایا۔
گلوکارہ کی والدہ کے مطابق ان کی بیٹی کئی دنوں سے کندھوں میں درد کی وجہ سے بےچین تھی تاہم وہ اس سے چھٹکارہ پانے کیلئے اسپتال کے بجائے مساج سینٹر چلی گئی۔
مساج کے دو دن بعد گلوکارہ کو گردن میں شدید درد محسوس ہوا۔ اور چند روز بعد تکلیف بڑھنے لگی۔ گلوکارہ نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر بھی اپنی حالت بیان کی کہ پہلے صرف کندھوں میں درد تھا، مگر مساج کے بعد گردن کے پچھلے حصے میں تکلیف محسوس ہونے لگی ہے۔
گلوکارہ کی والدہ کا کہنا تھا کہ درد اتنا شدید ہوگیا کہ وہ بستر سے لگ گئی۔ وہ ایک بار پھر مساج سینٹر گئی، جہاں اس بار مساج کے بعد اس کے جسم کے مختلف حصے متاثر ہوئے۔ اسپتال میں ڈاکٹروں نے معاملے کی سنگینی کو سمجھا، مگر تب تک وہ کوما میں جا چکی تھی اور جانبر نہ ہو سکی۔
یاد رہے کہ اس افسوسناک واقعے کے بعد ڈاکٹروں نے ٹوئسٹنگ مساج کے خطرات کے حوالے سے وارننگ جاری کی ہے تاکہ مزید ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News