
معروف یوٹیوبر کو عدالت نے سخت سزا سنادی
معروف یوٹیوبر رجب بٹ کو لاہور کی عدالت نے سخت سزا سنادی ہے۔
لاہور کی عدالت نے مشہور یوٹیوبر رجب بٹ کو غیر قانونی طور پر شیر کا بچہ رکھنے کے جرم میں 50 ہزار روپے جرمانہ اور کمیونٹی سروس کی سزا سنائی ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ حامد الرحمان نے فیصلے میں کہا کہ رجب بٹ کو ہر ماہ کے پہلے ہفتے میں پانچ منٹ کی ویڈیو اپلوڈ کرنی ہوگی، جس کا مقصد عوام کو جنگلی حیات کے تحفظ اور غیر قانونی شکار کے بارے میں آگاہی دینا ہے۔ محکمہ وائلڈ لائف ان ویڈیوز کی مانیٹرنگ کرے گا۔
عدالت نے کہا کہ اگر مجرم کمیونٹی سروس کی ذمہ داریوں میں ناکام رہا تو اسے قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔ کمیونٹی سروس کی تکمیل پر رجب بٹ کو سرٹیفکیٹ دیا جائے گا، جس کا مطلب ہوگا کہ انہوں نے اپنے جرم کا کفارہ ادا کر دیا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق شیر کا بچہ فی الحال سفاری پارک میں رکھا جائے گا، اور اسے تاحکم ثانی وہیں رہنے دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ رجب بٹ نے اپنی شادی کے موقع پر شیر کے بچے کو بطور تحفہ قبول کیا تھا، جو جنگلی حیات کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
شیر کا بچہ بغیر اجازت اور لائسنس کے رکھنے پر محکمہ وائلڈ لائف نے مقدمہ درج کیا تھا۔ رجب بٹ نے عدالت کے سامنے اپنا جرم تسلیم کیا اور خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا تھا۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News