
سیکھنے کی لگن ہو تو دیوار یا درخت سے بھی سیکھا جا سکتا ہے، سلمان خان
بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کا کہنا ہے کہ سیکھنے کی لگن ہو تو دیوار یا درخت سے بھی سیکھا جا سکتا ہے۔
حال ہی میں بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے اپنے بھانجے ارہان خان کے یوٹیوب چینل “ڈم بریانی” پر پہلی بار کسی پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کئی موضوعات پر گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ “اگر آپ واقعی سیکھنا چاہتے ہیں تو کسی درخت یا دیوار سے بھی سیکھ سکتے ہیں۔ ظاہر ہے، آپ کو اپنے استاد کی بات سننی چاہیے، لیکن وہ استاد گوگل یا یوٹیوب بھی ہو سکتا ہے۔ اصل چیز ڈسپلن ہے۔”
سلمان خان نے کہا کہ “مجھے یہ موٹیویشن کی بکواس بالکل پسند نہیں۔ دانت برش کرو اور باہر نکلو۔ کوئی بھی جم جانا یا کچھ نیا سیکھنا پسند نہیں کرتا، کیونکہ یہ سب دردناک ہوتا ہے۔ لیکن خود کو اس کام پر مجبور کرنا پڑتا ہے اور پھر اس میں مہارت حاصل کرنی ہوتی ہے، جوش و خروش نہ کھوئیں، ورنہ عمر سے پہلے بوڑھے ہو جائیں گے”۔
اداکار نے کہا کہ ’’ہم بچپن میں کھیلتے تھے اور تھک کر ہانپنے لگتے تھے، لیکن پھر بھی ہمارے چہروں پر مسکراہٹ ہوتی تھی اور ہم دوبارہ کھیلنے کے لیے تیار ہوتے تھے۔ آج کل لوگ تھوڑی سی محنت کے بعد سست ہو جاتے ہیں۔ ایسا نہیں ہونا چاہیے۔”
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News