
فواد خان کو بڑا دھچکا؛ فلم ابیر گلال کے گانے یوٹیوب سے ہٹادیے گئے
پہلگام حملے کے بعد اداکار فواد خان اور وانی کپور کی فلم ’’ابیر گلال‘‘ مشکلات کا شکار ہے، بھارت میں مخالفت کے باعث ان کی فلم کے گانے یوٹیوب سے ہٹا دیے گئے ہیں۔
فواد خان کی فلم ’’ابیر گلال‘‘ کے دو گانے ’خدایا عشق‘ اور ’انگریزی رنگ رسیا‘، جو اے رچر لینز انٹرٹینمنٹ کے آفیشل یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کیے گئے تھے، اب بھارتی صارفین کے لیے یوٹیوب انڈیا پر دستیاب نہیں ہیں۔
یہ گانے بھارت میں پاکستانی فنکاروں کے مواد پر عائد پابندیوں کے باعث ہٹائے گئے ہیں، اس پابندی کے نتیجے میں بھارتی صارفین ان گانوں کو اب یوٹیوب انڈیا پر نہیں دیکھ سکتے۔
ساتھ ہی معروف میوزک لیبل سارے گاما، جس کے پاس فلم کی موسیقی کے حقوق تھے، اس نے بھی اپنے یوٹیوب چینل سے یہ گانے ہٹا دیے ہیں۔
وانی کپور نے 22 اپریل کو اپنے انسٹاگرام پر فلم ’’ابیر گلال‘‘ کی پروموشنل ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں وہ فواد خان کے ہمراہ نظر آتی ہیں، بعد ازاں انہوں نے یہ ویڈیو ڈیلیٹ کر دی۔
اس اقدام پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید ردعمل ظاہر کیا اور “#BoycottVaaniKapoor” جیسے ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرنے لگے جبکہ وانی کپور نے اس ویڈیو کو ڈیلیٹ کرنے کی وجہ کے بارے میں کوئی وضاحت فراہم نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ فواد خان اور وانی کپور کی فلم ابیر گلال کی ریلیز پر موجودہ حالات میں سیاہ بادل منڈلا رہے ہیں، فلم کی نمائش 9 مئی 2025ء کو متوقع تھی لیکن بھارت میں پاکستانی فنکاروں کے مواد پر عائد پابندیوں اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے شدید اعتراضات کے باعث اس کی ریلیز مشکوک ہو گئی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News