
پاک بھارت کشیدگی کے معاملے پر پاکستان کی صفِ اول کی اداکارہ عائزہ خان کے غیر واضح مؤقف نے مداحوں کو مایوس کیا، جس کے باعث سوشل میڈیا پر ان پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔
بھارت کی جانب سے پہلگام میں مبینہ فالس فلیگ آپریشن کے بعد پیدا ہونے والی جنگی صورتحال میں پاکستانی اداکارہ عائزہ خان کو مداحوں کے شدید دباؤ کے بعد سوشل میڈیا پر ردعمل دینا پڑا۔
عائزہ خان نے اپنے پیغام میں لکھا کہ میں انسانیت کے ساتھ کھڑی ہوں، انسانیت مذہب، نسل، قومیت، سیاست یا ذاتی مفادات سے بالاتر ہے۔
تاہم، ان کا یہ بیان مداحوں کی بڑی تعداد کو مطمئن نہ کر سکا، سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے شدید تنقید دیکھنے میں آئی۔
صارفین نے الزام لگایا کہ اداکارہ نے ایک ایسے وقت میں مبہم اور غیر واضح مؤقف اختیار کیا جب ملک کو واضح اور دوٹوک آواز کی ضرورت تھی۔
کئی سوشل میڈیا صارفین نے نشاندہی کی کہ عائزہ خان انسٹاگرام پر تمام بڑے بالی ووڈ ستاروں کو فالو کر رہی ہیں، جسے ان کے رویے سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔
کچھ صارفین نے انہیں ایک ایسی شخصیت قرار دیا جو ہمیشہ خاموش رہتی ہے جب ملک کو اس کی ضرورت ہوتی ہے۔
ایک صارف نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ منافقت کی انتہا ہے! پاکستان میں شہید ہونے والے 27 افراد کے لیے کوئی آواز نہیں؟ اس کا بائیکاٹ کریں، پاکستانی فنکار کب سمجھیں گے کہ بالی ووڈ نہ عزت دے گا، نہ کام؟
دوسرے صارف نے کہا کہ شوبز انڈسٹری اپنا اصل چہرہ دکھا رہی ہے جبکہ ایک بین الاقوامی مداح نے بھی تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ اپنے ملک کی مشکل صورتحال کو سمجھو، ڈراموں کی پوسٹس بعد میں بھی کی جا سکتی ہیں۔
ایک اور مداح نے تبصرہ کیا کہ یہ سب خواتین جو ’انسانیت‘ کا نعرہ لگاتی ہیں، دراصل بالی ووڈ کی دیوانی ہیں۔
مداحوں میں بڑھتی ہوئی بے چینی اور تنقید کے اس ماحول میں یہ سوال اُٹھ رہا ہے کہ کیا شوبز شخصیات کو قومی سطح کے مسائل پر واضح اور جراتمندانہ مؤقف اپنانا چاہیے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News