
حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں مہاراشٹرا پولیس کی جانب سے چند معروف بالی ووڈ فنکاروں پر تنقید کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
یہ معاملہ اُس وقت سامنے آیا جب مہاراشٹرا پولیس کی جانب سے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی گئی، جس میں بعض اداکاروں کی خاموشی پر طنزیہ تبصرہ کیا گیا۔
پولیس کی انسٹاگرام اسٹوری میں سلمان خان، شاہ رخ خان، عامر خان، دیپیکا پڈوکون اور عالیہ بھٹ سمیت دیگر نامور فنکاروں کی تصاویر شیئر کی گئیں، جن کے منہ پر تالے کا ایموجی لگا ہے۔
اس کے ساتھ تحریر کیا گیا ہے کہ ڈیئر سیلیبریٹیز، اب امن ہے، آپ انسٹاگرام پر واپس آسکتے ہیں، اب آپ کے غیر ملکی مداحوں کے ناراض ہونے کا کوئی خطرہ باقی نہیں رہا۔
سوشل میڈیا پر اس اسٹوری کو بڑے پیمانے پر شیئر کیا جا رہا ہے اور اسے بالی ووڈ فنکاروں کی جانب سے پاکستان کے خلاف کوئی موقف نہ اپنانے پر ایک طنز سمجھا جا رہا ہے۔
جہاں کئی بھارتی فنکار حالیہ کشیدگی کے دوران سوشل میڈیا پر سرگرم رہے اور پاکستان کے خلاف سخت بیانات دیتے رہے، وہیں کچھ بڑے اسٹارز نے اس معاملے پر خاموشی اختیار کی اور کسی قسم کی رائے دینے سے اجتناب کیا۔
واضح رہے کہ جنگ بندی کے اعلان کے بعد سلمان خان اور عامر خان کی جانب سے امن کی اپیل پر مبنی بیانات سامنے آئے تھے، جن میں کسی ملک کا نام نہیں لیا گیا۔
تاہم، ان بیانات پر بھی تنقید کی گئی کہ فنکاروں نے صرف ’امن‘ کی بات کی لیکن پاکستان کے خلاف کوئی واضح موقف اختیار نہیں کیا، سوشل دباؤ کے باعث سلمان خان نے اپنا بیان بعد ازاں سوشل میڈیا سے ہٹا بھی دیا۔
اس واقعے نے فنکاروں کی سماجی و سیاسی حساس معاملات پر خاموشی یا محتاط رویہ اپنانے سے متعلق ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے اور مہاراشٹرا پولیس جیسے سرکاری ادارے کا اس طرح کا ردعمل سوشل میڈیا پر غیر معمولی توجہ حاصل کر رہا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News