Site icon بول نیوز

کشمیر بھی بنے گا پاکستان، وہاں بھی دانش اسکول کھولیں گے، شہباز شریف

کشمیر بھی بنے گا پاکستان، وہاں بھی دانش اسکول کھولیں گے

فوٹو: بول ویب ڈیسک

وزیراعظم شہباز شریف نے باغ میں دانش اسکول کے سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک دن ضرور آئے گا جب کشمیر بنے گا پاکستان اور وہاں بھی دانش اسکول اسی جوش و جذبے کے ساتھ قائم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج باغ میں باغ دانش کا سنگِ بنیاد رکھ کر بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے۔

وزیراعظم نے خطاب میں کہا کہ یہ وہ دانش اسکول ہیں جن کا مقابلہ کسی بھی اعلیٰ تعلیمی ادارے سے کیا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کھیل کود کے میدان ہوں، ڈیجیٹل لائبریری ہو یا اسمارٹ کلاس روم ہر سہولت یہاں موجود ہے اور یہی ادارے روشن پاکستان کی بنیاد بنیں گے۔

شہباز شریف نے یاد دلایا کہ دانش اسکول کا سفر پنجاب سے شروع ہوا تھا، اور آج اس کی روشنی پورے پاکستان میں پھیل رہی ہے۔

انہوں نے محکمہ تعلیم کو ہدایت دی کہ 23 مارچ 2026 کو باغ دانش اسکول کا باضابطہ افتتاح یقینی بنایا جائے۔

خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ بھارت پر 4 دن میں جو برتری حاصل کی تھی آج خود بھارتی پارلیمنٹ نے اس کا اعتراف کیا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ 4 دن کی جنگ میں ہندوستانی فوج گھٹنوں کے بل آ گئی تھی اور اُس وقت کے امریکی صدر بھی بار بار پاکستانی طیاروں کی شاندار کامیابیوں کا ذکر کرتے رہے۔

شہباز شریف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ بہادری، اتحاد اور ایمان سے کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ دانش اسکول ملک کے دور دراز علاقوں میں علم کی وہ شمعیں ہیں جو نئی نسل کو جدید، روشن اور باوقار مستقبل کی طرف لے جائیں گی۔

Exit mobile version