پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن پنجاب محمد ندیم قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو اقتدار سے دوری برداشت نہیں ہو رہی جبکہ اب ملکی سیاست میں ان لٹیروں کی کوئی جگہ نہیں۔
تفصیلات کے مطابق آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن پنجاب محمد ندیم قریشی نے اہم بیان میں کہا کہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس سے عیاں ہوگیا کہ اس ملک کو کس نے لوٹا۔
پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن پنجاب نے کہا کہ ان لوگوں نے ملک کو لوٹ کر اربوں کھربوں کے اثاثے بنائے جبکہ اب انکی لوٹ مار بند ہوئی تو اے پی سی اے پی سی کھیلنے لگ گئے۔
محمد ندیم قریشی نے یہ بھی کہا کہ ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے پر لوٹ مار ایسوسی ایشن کو ملک و قوم سے معافی مانگنی چاہیے جبکہ کوئی ایک بھی ادارہ ایسا نہیں جو سابقہ حکومتوں کی لوٹ مار سے محفوظ رہا ہو۔
پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن پنجاب کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ کرپٹ ایسوسی ایشن کے رہنماوں نے ملکی خزانے سے بیرون ممالک محل کھڑے کیے۔
محمد ندیم قریشی کا یہ بھی کہنا تھا کہ کرپٹ جماعتوں نے ہمیشہ دھونس دھاندلی سے حکومت کی اور ان جماعتوں نے قدرتی وسائل سے مالا مال ملک کو کوڑی کوڑی کا محتاج کردیا
پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن پنجاب محمد ندیم قریشی کا مزید کہنا تھا کہ پہلی بار حقیقی ملک و قوم کی ہمدرد، خیر خواہ اور ایماندار حکومت برسر اقتدار ہے جبکہ پی ٹی آئی کی حکومت نے اداروں کو درست سمت پر گامزن کردیا ہے۔