ملک میں عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی وبا کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 28 ویں نمبر پر آگیا ہے۔
اس حوالے سے این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا وائرس کے 38 ہزار 165 ٹیسٹ کیئے گئے، اب تک کُل 52 لاکھ 56 ہزار 120 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں، جبکہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 7 اعشاریہ 5 فیصد رہی۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 954 کیسز رپورٹ ہوئے، مزید 48 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 875 مریض اس بیماری سے صحتیاب ہوئے۔
ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 79 ہزار 883 تک جاپہنچی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 7 ہزار 744 ہوگئی۔