آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نےکہا ہے کہ نئی انتظامیہ کے تحت پاک امریکہ دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں امریکی ناظم الامور کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی، علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ملاقات میں امریکی ناظم الامور نے خطے میں تنازعات کے خاتمے کے لیئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا جبکہ افغان امن عمل کے لئے پاکستان کی حمایت و تعاون کو بھی سراہا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نےکہا کہ امید ہے نئی انتظامیہ کے تحت پاک امریکہ دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
امریکی ناظم الامور نے آرمی چیف کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ امریکہ افغانستان میں امن کے مشترکہ مقصد کے لیئے تعاون جاری رکھے گا۔