پیپلز پارٹی نے ملک میں جمہوریت کیلئے طویل و تاریخی جدوجہد کی ہے، بلاول بھٹو

اسفا سروت

15th Sep, 2021. 01:31 pm

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ملک میں جمہوریت کیلئے طویل و تاریخی جدوجہد کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں عالمی یوم جمہوریت پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی سلامتی اور ترقی کی ضمانت جمہوریت ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ آئین پر من و عن عملدرآمد اور پارلیمان کے احترام کو مقدم رکھے بغیر ملک میں ایک نہیں بلکہ دو پاکستان چلتے رہیں گے، پاکستان جیسے ایک کثیرالثقافتی معاشرے میں وفاقی جمہوریت ہی واحد قابل عمل نظامِ حکومت ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جمہوری نظام ہی ملک میں شہری و سیاسی حقوق کی پاسداری اور متوازن معاشرے کی تشکیل کو یقینی بنا سکتا ہے، اس پر کوئی دو رائے نہیں کہ مضبوط جمہوریت اور مضبوط پاکستان لازم و ملزوم ہیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں، پارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو نے قوم کو متفقہ آئین کا تحفہ دیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ  شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بحالیِ جمہوریت کے لئے دو آمروں کے خلاف جدوجہد کی، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوری اداروں کو مضبوط کیا اور پسماندہ طبقات کو اقتدار کے اعلیٰ ایوانوں میں نمائندگی دی۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ صدر آصف علی زرداری نے آئین کو اصل شکل میں بحال کیا، اپنے صدارتی اختیارات کو پارلیمان کے حوالے کیا، مردِ حر نے مفاہمت کے ذریعے وسیع و جامع حکومت تشکیل دی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ  آج پی پی پی قیادت کی تیسری نسل ’’طاقت کا سرچشمہ عوام ہے‘‘ کا پرچم اٹھائے میدانِ جدوجہد میں کھڑی ہے، پاکستان پیپلزپارٹی ناجائز و ناکام ترین حکومت کو عوام کے حقوق پر نہ ڈاکہ ڈالنے دے گی اور نہ ہی اسے ریاست کے کسی ستون سے کھیلنے کی اجازت دے کی۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا ہے کہ  سلیکٹڈ حکومت کی جانب سے ہر مخالف آواز کو دبانے اور انتقام کا نشانہ بنانے کا مقصد جمہوریت کو کمزور کرنا ہے، کٹھ پتلیوں نے ایک پاکستان میں پاکستانیوں کو دو گروہوں میں تقسیم کردیا ہے جبکہ اس ملک کو اس کے بانیان نے ایک مملکت کے طور پر قائم کیا تھا۔

Adsence 300X250

مزید پڑھیں