پاکستان کی افواج عوام کے تعاون سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، فرخ حبیب

اسفا سروت

21st Oct, 2021. 01:42 pm

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ پاکستان کی افواج عوام کے تعاون سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے باجوڑ کے علاقے میں بارودی سرنگ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے اس واقعے میں ایف سی اور پولیس کے 4 جوان شہید ہوئے ہیں۔

وزیر مملکت کا کہنا ہے کہ مارد وطن کے دفاع کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سیکورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں، ہمارے شہداء ہمارے ہیروز ہیں ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان کی افواج اور سیکورٹی فورسز عوام کے تعاون سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے مزید کہا کہ پاک فوج اور سیکورٹی فورسز کے شہید ہونے والوں کے بلند درجات کے لئے دعاگو ہیں۔

Square Adsence 300X250