وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ان کی آسٹریلین ہم منصب ماریس پین نے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات ،افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، آسٹریلیا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات ،مشترک تاریخی حوالوں ، عوامی روابط اور کرکٹ سے لگاؤ جیسے یکساں عوامل سے عبارت ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان، آسٹریلیا کے ساتھ اقتصادی، تجارتی ،تعلیمی، دفاعی، زرعی و سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کا متمنی ہے۔
وزیرخارجہ پاکستان نے کہاکہ افغانستان کا قریبی ہمسایہ ہونے کے ناطے، پاکستان، افغانستان میں بدامنی کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے،افغانستان میں چالیس سالہ جنگ و جدل کے بعد قیام امن کی امید پیدا ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں شدید معاشی بحران کے پیش نظر، ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی برادری، افغان شہریوں کی معاشی و انسانی بنیادوں پر معاونت کے لیے ٹھوس اور موثر اقدامات اٹھائے۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ عالمی برادری کو افغانستان کے حوالے سے چیلنجز اور روشن امکانات دونوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے فیصلے کرنا ہوں گے۔
وزیر خارجہ پاکستان نے آسٹریلوی ہم منصب کو کابل سے مختلف ممالک کے سفارتی عملے، بین الاقوامی اداروں کے اہلکاروں اور میڈیا نمائندگان کے جلد انخلاء کے سلسلے میں جاری پاکستانی معاونت سے آگاہ کیا۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے بتایاکہ پاکستان نے 37 ممالک کے 21000 باشندوں کو افغانستان سے محفوظ انخلاء میں معاونت فراہم کی۔
دونوں وزرائے خارجہ کے مابین باہمی دلچسپی کے کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے بھی خصوصی تبادلہ خیال ہوا۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے بتایاکہ آسٹریلیا میں مقیم ایک لاکھ پچیس ہزار سے زائد پاکستانی اور مختلف آسٹریلوی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم بارہ ہزار سے زائد طلباء،دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات کے استحکام کا مظہر ہیں۔
وزیر خارجہ نے آسٹریلوی ہم منصب کو کورونا وبا کے باعث آسٹریلیا میں زیر تعلیم پاکستانی طلباء کو درپیش سفری مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے، ٹریول ایڈوائزری پر نظر ثانی کی ضرورت پر زور دیا
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو طرفہ تعلقات کی موجودہ نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے، انہیں مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آسٹریلوی وزیر خارجہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News