ملک میں کرپشن بڑھ رہی ہے، عابد شیر علی

Web Desk

09th Dec, 2021. 12:55 pm
عابد شیر علی

مسلم لیگ (ن) کے رہنما عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ ملک میں کرپشن بڑھ رہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ ٹوئٹ پیغام میں عابد شیر علی نے لکھا کہ آج انسداد بدعنوانی کا عالمی دن ہے اوراس موقع پر ٹرانسپرنسی کی رپورٹ سلیکٹڈ حکومت کے لیے کسی طمانچے سے کم نہیں۔

عابد شیر علی نے لکھا کہ پولیس اصلاحات کے دعوے پر آنے والی حکومت کے تین سال میں یہی محکمہ کرپشن کا گڑھ بن چکا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ جن کے کندھوں پر سوار ہوکر آئے وہ بھی اس میدان کے شہسوار ہیں۔

واضح رہے کہ آج دنیا بھر میں انسداد بدعنوانی کا عالمی دن منایا جارہا ہے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے31اکتوبر2003ء کو اعلان کیا تھا کہ ہر سال 9دسمبر کو ورلڈ اینٹی کرپشن ڈے یعنی انسداد بدعنوانی کا عالمی دن منایا جائے گا۔

 اس ضمن میں پہلا ورلڈ اینٹی کرپشن ڈے 9 دسمبر 2004ء کومیکسیکو میں منایا گیا تھا جو کہ اب ہرسال کرپشن کے خلاف جنگ کے عزم کی ازسرنو تجدید کے ساتھ دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔

اس دن کو منانے کا مقصد عالمی معاشرے کو کرپشن سے پاک کرنے کے عزم کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ایسے اقدامات بھی اُٹھانا ہے، جس سے کرپشن کی مکمل روک تھام ہو سکے۔

اگر ہم اداروں میں میرٹ کو فروغ دیں، رشوت ستانی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کریں،انصاف کی بات کریں، ملکی مفاد کو ذاتی اور انفرادی مفاد پر ترجیح دیں، سفارشی کلچر کا خاتمہ کریں، امیری اور غریبی کے فرق کو مٹانے کے لیے کلیدی کردار ادا کریں، ٹیکس چوری، قرضے معافی اور بجلی چوری جیسے اقدامات سے گریز کریں تو تب ہی حقیقی طور پر پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن اور ہر پاکستانی خوشحال ہوگا۔

 لیکن اس کے لیے ہمیں خواب غفلت سے بیدار ہونا ہوگا، ترقی یافتہ ممالک کی پیروی اور اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلنا ہوگا۔

Square Adsence 300X250

مزید پڑھیں