
پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ سانحہ اے پی ایس پشاور کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ سانحہ اے پی ایس پشاور کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، اللہ رب العزت قوم کے شہید بچوں اور بچیوں کے درجات بلند فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ میں شہید بچوں کے والدین کے صبرِ جمیل اور اجرِ عظیم کے لیے دعا گو ہوں، انتہا پسندی اور دہشت گردی اس دور کا سب سے بڑا فتنہ ہے۔
پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہر القادری کا مزید کہنا تھا کہ متشدد رویوں کے خاتمے کے لئے ریاست پوری استعمال کرے۔
واضح رہے کہ سانحہ اے پی ایس پشاور کو سات سال بیت گئے مگر اپنے خون سے علم کے دیے جلانے والے دلوں میں وہ سارے معصوم شہید آج بھی زندہ ہیں۔
سانحہ اے پی ایس کا دلخراش واقعہ 16 دسمبر 2014 کو پیش آیا جب صبح طلباء علم کے حصول کے لیے گھر سے اسکول گئے تھے، وہ ابھی اسکول میں علم کی شمع سے روشناس ہو رہے تھے کہ 10 بجے کے درمیان 7 دہشت گرد اسکول کے اندر داخل ہوئے اور معصوم طلباء سمیت پرنسپل اور دیگر افراد کو بے رحمی سے شہید کیا۔
یہ وہ دن تھا جس کا سورج حسین تمناؤں اور دلفریب ارمانوں کے سنگ طلوع ہوا مگر غروب 132 معصوم و بے قصور بچوں کے لہو کے ساتھ ہوا تاہم یہ وہ سانحہ تھا جس نے ہر محب وطن پاکستانی کو دلگیر و اشکبار کیا۔
معصوم بچوں پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو افواج پاکستان نے اسی وقت آپریشن کر کے جہنم واصل کردیا جبکہ سہولت کار بعد میں پھانسی پر چڑھ گئے لیکن 16 دسمبر کا وہ دن ملک کی تاریخ کا بھیانک خواب بن کر رہ گیا۔
16 دسمبر 2014 کو اے پی ایس پشاور لہو لہو ہوا تو ملت پاکستان نے بھی رب ذوالجلال کو گواہ بنا کر یہ عہد کر لیا کہ جب تک عرض پاک سے آخری دہشت گرد کا خاتمہ نہ ہو جائے حق و باطل اور بقا و فنا کی یہ جنگ جاری رہے گی۔
اس المناک سانحے کی آج ساتویں برسی کے موقع پر پشاور میں تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، شہداء کے لیے ریسکیو 1122 ہیڈ کوارٹر میں فاتحہ خوانی کی گئی۔
ملک بھر میں اے پی ایس کے شہدا کی درجہ بلندی کے لئے فاتحہ خوانی اور قرآن خوانی بھی کی جا رہی ہے، اس کے ساتھ ساتھ شہداء کی قبروں پر پھولوں کی چادریں بھی چڑھائی جا رہی گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News