حیدرآباد میں ڈینگی کے کیسز میں کمی، صرف 3 کیسز رپورٹ

Web Desk

08th Dec, 2021. 10:35 am

حیدرآباد میں ڈینگی کے کیسز میں اب واضح کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کے جاری کردہ نئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے صرف 3 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

سول اسپتال کے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسپتال میں ڈینگی کے زیرعلاج مریضوں کی تعداد 8 تک ہے جبکہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران سول اسپتال سے ڈینگی کے 21 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران ڈینگی سے کوئی اموات نہیں ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ یکم اکتوبر سے اب تک حیدرآباد میں ڈینگی سے 8 اموات واقع ہوچکی ہیں۔

گزشتہ روز محکمہ صحت سندھ نے بتایا تھا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں رواں سال ڈینگی وائرس سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 26 ہوگئی ہے۔

کراچی میں ڈینگی سے متاثرہ جناح اسپتال کے ڈاکٹر چل بسے ڈینگی شاک سینڈروم سے جناح اسپتال وارڈ 5 کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر سید محمود الحسن جعفری انتقال کر گئے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق رواں سال صوبے بھر میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 ہزار 146 سے تجاوز کر چکی ہے، چوبیس گھنٹوں کے دوران سندھ میں ڈینگی وائرس کے مزید 27 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ صرف دسمبر کے مہینے میں ڈینگی وائرس کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد 231 ہو چکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال ڈینگی وائرس سے کراچی میں 21، حیدرآباد میں 4 اور میرپورخاص میں 1 ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔

اس کے علاوہ تھرپارکر میں 2، عمرکوٹ میں 3 کیس رپورٹ ہوئے اور سندھ میں نومبر کے مہینے میں ڈینگی کے 1865 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

پورے پاکستان میں بھی اس وقت مختلف شہروں میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔

ایک تخمینے کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال 40 کروڑ افراد کو ڈینگی انفیکشنز کا سامنا ہوتا ہے جن میں سے 9 کروڑ 60 لاکھ افراد بیمار ہوتے ہیں۔

Square Adsence 300X250