اسلام آباد ہائی کورٹ نے راول جھیل کے کنارے قائم نیوی سیلنگ کلب کی تعمیر غیر قانونی قرار دیتے ہوئے گرانے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیوی سیلنگ کلب کو تین ہفتوں میں گرانے کا حکم دیتے ہوئے عمل درآمد رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔
عدالت نے اپنے مختصر فیصلے میں کہا کہ پاک فوج کا اہم اسٹیٹس ہے جس کا مینڈیٹ آئین میں بتایا گیا ہے۔ نیوی کا اختیار نہیں کہ ریئل اسٹیٹ وینچرکرے۔
عدالت کے مختصر فیصلے میں کہا گیا کہ ریئل اسٹیٹ بزنس کے لیے ادارے کا نام استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ اتھارٹی کو اختیار نہیں تھا کہ نیوی کو این او سی جاری کرتی۔ پاکستان نیوی نے نیشنل پارک ایریا پر تجاوزکیا، سیلنگ کلب غیرقانونی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ نیوی سیلنگ کلب کی بلڈنگ تین ہفتوں میں منہدم کی جائے۔ سابق نیول چیف ایڈمرل ظفرمحمود عباسی نےغیرقانونی عمارت کا افتتاح کر کے اپنے آئین کی خلاف ورزی کی۔ مجاز اتھارٹی یقینی بنائے کہ فوجداری کارروائی کا آغاز کیا جائے۔
عدالت نے غیرقانونی عمارت میں ملوث افراد کے خلاف مس کنڈکٹ اور فوجداری کارروائی کا حکم دیا۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور دیگر ذمہ داروں کے خلاف کرمنل کارروائی کا حکم بھی عدالت کے فیصلے میں شامل ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے گذشتہ روز نیول فارمز اور نیوی سیلنگ کلب کیس کی سماعت مکمل ہونے کے بعد آج محفوظ فیصلہ سنایا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کا 45 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔
عدالت کے تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ پاکستان نیوی یا کسی ریاستی ادارے کا نام ریئل اسٹیٹ بزنس میں استعمال نہیں ہو سکتا۔ پاکستان نیوی ہیڈ کوارٹر کے آفس کے نام پر زمین کا انتقال غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔ وفاقی حکومت آئین کے آرٹیکل 173 کے تحت زمین کی ملکیت کو ڈیل کرے۔
عدالت کے تحریری فیصلے میں سی ڈی اے کو پاکستان نیول فارمز کی اراضی کا قبضہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کارروائی کر کے 2 ہفتوں میں رپورٹ رجسٹرار کے پاس جمع کرائی جائے۔
تحریری فیصلے میں عدالت نے حکم دیا کہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان نیول فارمز اور نیوی سیلنگ کلب کا فرانزک آڈٹ کرائیں۔ فرانزک آڈٹ کے ذریعے قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ لگایا جائے۔ غیر قانونی وینچر میں ملوث افسران سے نقصان پورا کیا جائے۔
تحریری فیصلے میں عدالت نے سیکریٹری کابینہ ڈویژن کوعدالتی فیصلے کی نقل وزیراعظم اور کابینہ کے سامنے رکھنے کی ہدایت کی۔
عدالت تحریری فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ اسلام آباد کے 1400 اسکوائر میل ایریا میں قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈاکٹر پرویز حسن کو عمل درآمد کمیشن مقرر کرنے کا حکم دیتے ہوئے سیکریٹری موسمیاتی تبدیلی اور ڈی جی انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کو معاونت کی ہدایت کی۔
عدالت کے تحریری فیصلے میں کمیشن کی کارروائی کی رپورٹ رجسٹرار کے پاس جمع کرانے کی بھی ہدایت کی گئی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News