
پارلیمانی پارٹی اجلاس کے دوران وزیراعظم سے تلخ کلامی کے بعد اجلاس سے جانے پر پرویز خٹک کا رد عمل سامنے آگیا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس ہوا جس کا مقصد منی بجٹ کی پارلیمنٹ سے منظوری سے قبل ارکان اسمبلی کو اعتماد میں لینا تھا تاہم اجلاس میں صورتحال مزید خراب ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیردفاع پرویز خٹک اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا جب کہ نور عالم سمیت دیگر ارکان اسمبلی نے بھی ملک میں بڑھتی مہنگائی کے خلاف آواز اٹھائی۔
وزیراعظم سے تلخ کلامی کے معاملے پر عمران خان اجلاس چھوڑ کر جانا چاہتے تھے تاہم انہیں دیگر ارکان اسمبلی نے روک دیا جس پر پرویز خٹک اجلاس چھوڑ کر باہر چلے گئے۔
یہ بھی پڑھیں؛ آپ کو وزیراعظم ہم نے بنوایا، پرویز خٹک اجلاس میں وزیراعظم پر پھٹ پڑے
بعد ازاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے واضح کیا کہ میری کسی سے تلخ کلامی نہیں ہوئی ، اجلاس کے دوران صرف اپنے حق کی بات کررہا تھا ، ٹی وی دیکھ کر حیران ہو گیا کہ اتنا بڑا طوفان کھڑا کردیا گیا ہے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ وزیراعظم پر اعتماد ہے وہ میرے لیڈر ہیں، ان کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا، میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف نہیں، نہ ہو سکتا ہوں جب کہ اجلاس کے دوران بھی کوئی سخت بات نہیں کی، درخواست کی ہے کہ ا سکیمیں نہ روکی جائیں، ہماری اندرونی باتیں ہیں، پارٹی میں ہر طرح کی بات ہوتی ہے، میرا سوال تھا ہماری گیس کی اسکیمیں نہ روکی جائیں۔
ایک سوال کے جواب میں وزیردفاع کا کہنا تھا کہ اجلاس سے اٹھ کر باہر جانے کی وجہ کسی سے ناراضگی نہیں تھی بلکہ میں سگریٹ پینے کی وجہ سے باہر گیا تھا۔
واضح رہے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے دوران پرویز خٹک نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو وزیراعظم ہم نے بنوایا ہے اور اگر آپ کا یہی رویہ رہا تو میں ووٹ نہیں دوں گا جس پر وزیراعظم انہیں جواب دیا اگر آپ نے ووٹ نہیں دینا تو نہ دیں لیکن مجھے بلیک میل نہ کریں اور اگر مجھ سے مطمئن نہیں تو میں حکومت کسی اور کو دے دیتا ہوں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News