راولپنڈی ٹیسٹ کا آخری دن نتیجے میں کوئی تبدیلی تو نہ لا سکا لیکن ریکارڈز بک میں کچھ نئے ریکارڈ درج کرا گیا ہے۔
پہلے ٹیسٹ میچ کے آخری دن کے کھیلا کا پہلا سیشن نعمان علی کے نام رہا جنہوں نے آسٹریلیا کی باقی تین وکٹیں صرف دس رنز کے عوض حاصل کیں۔
آخری دن گرنے والی ایک وکٹ شاہین شاہ کے حصے میں آئی جب انہوں نے مچل سٹارک کو ایل بی ڈبلیو کیا۔
پیٹ کمنز اور نیتھن لائن کو نعمان علی نے آؤٹ کر کے آسٹریلیا کی پہلی اننگز 449 رنز پر ختم کر دی۔
نعمان علی نے اپنے کیرئیر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 107 رنز دے کر چھ وکٹیں لیں۔ ان کے علاوہ شاہین شاہ نے دو جبکہ ساجد خان اور نسیم شاہ کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز تیزی سے کیا اور امام الحق اور عبداللہ شفیق نے پہلی اننگز کے برعکس رنز بنانے کی رفتار تیز رکھی۔
عبداللہ شفیق نے اپنے کیرئیر کی پہلی سنچری مکمل کی جبکہ ان کے ساتھ کریز پر موجود دوسرے اوپنر امام الحق نے اپنی دوسری سنچری سکور کی۔
امام الحق ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں سنچری سکور کرنے والے 10ویں پاکستانی بلے باز اور چوتھے اوپنر بلے باز بن گئے ہیں۔ ان سے قبل ان کے چچا انضمام الحق بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔
پاکستان کی طرف سے آخری بار مصباح الحق نے آسٹریلیا ہی کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
دونوں اوپنرز نے پہلی وکٹ کے لیے 252 رنز بنائے جس میں عبد اللہ شفیق نے 136 اور امام الحق نے 111 رنز بنائے۔
دونوں اوپنرز نے ایک ہی ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں سنچری پارٹنرشپ کر کے 51 سالہ ریکارڈ بھی برابر کر دیا ہے۔ ان سے قبل 1971 میں جیف بائیکاٹ اور اینڈریو ہلڈچ نے انگلینڈ کے لیے آخری بار ایسا ریکارڈ بنایا تھا۔
آسٹریلیا کی بولنگ کے لیے پہلا ٹیسٹ کافی مشکل رہا۔ اس نے میچ میں پاکستانی بیٹنگ کو 238 اوورز کرائے جو پاکستان کے خلاف دوسرا طویل ترین بولنگ سپیل ہے۔
راولپنڈی ٹیسٹ ڈرا ہونے کے باوجود دنیائے کرکٹ کی توجہ کا مرکز رہا اور بے جان پچ کے ہوتے ہوئے بلے بازوں نے رنز کے انبار تو لگائے لیکن نعمان علی پھر بھی چھ وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔
پاکستان کے امام الحق کو ان کی دونوں اننگز میں سنچری پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا انعام دیا گیا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 12 مارچ سے کراچی میں کھیلا جائے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News