
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا شیریں مزاری کی گرفتاری کے خلاف کراچی میں شاہراہ فیصل پر احتجاج جاری ہے۔
سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی احتجاجی مظاہرے میں شاہراہ فیصل پہنچے اور بول نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ حکومت سیاسی انتقام پر اتر آئی ہے، شیریں مزاری کی گرفتاری کی سخت مذمت کرتے ہیں۔
عمران اسماعیل نے مطالبہ کیا کہ حکومت شیریں مزاری کو فوری رہا کرے۔
انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے ملک بھر میں احتجاج کا پلان تیار کرلیا ہے، مجھ سمیت کسی کو بھی گرفتار کیا گیا تو اس کا بیک اپ پلان بھی تیار ہے، عمران خان کل اہم اعلان کریں گے۔
عمران اسماعیل نے پی ٹی آئی ورکرز کو مین شاہراہ فیصل سے واپس سروس روڈ آنے کی ہدایت کردی، جس کے بعد مین شاہراہ فیصل کھول دی گئی۔
پی ٹی آئی کا نرسری کے مقام پر شاہراہ فیصل کی سروس روڈ پر احتجاج جاری ہے، کارکنان کی بڑی تعداد نرسری شاہراہ فیصل پر پہنچ گئی ہے، ساؤنڈ سسٹم بھی پہنچا دیا گیا۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں عمران اسماعیل نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے شیری مزاری کو گرفتار کیا ہے، اس کی مذمت کرتے ہیں، وزیراعظم ہاؤس میں یہ عوام کے پیسے سے سوئمنگ پول بنوا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا جو لوگ کل فوج کے خلاف بول رہے تھے اب حکومت میں ہیں، جب تک شیریں مزاری کو رہا نہیں کیا جاتا احتجاج جاری رہے گا۔
دوسری جانب راولپنڈی میں بھی شیریں مزاری کی گرفتاری کے خلافمیٹرو پولیٹن راولپنڈی کے صدر راشد حفیظ اور رکن صوبائی اسمبلی عارف عباسی کی قیادت میں مختصر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
احتجاجی مظاہرہ لیاقت باغ لائبریری کے قریب ہوا ، کارکنوں نے گرفتاری کے خلاف نعرہ بازی کی۔
اس موقع پر راشد حفیظ کا کہا تھا کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے، گرفتاریوں سے نہیں ڈرتے۔
سکھر میں بھی پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ پی ٹی آئی کارکنان نے انصاف ہاؤس ملٹری روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں موجودہ حکومت کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News