امریکی ریاست الینوئس میں امریکہ کے یوم آزادی کے موقع پر ہونے والی پریڈ کے دوران فائرنگ سے چھ افراد ہلاک اور چوبیس زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس کمانڈر کرس اونیل نے صحافیوں کو بتایا کہ اس وقت دو درجن افراد کو ہائی لینڈ پارک ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور 6 افراد کے دم توڑنے کی تصدیق کی گئی ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ مبینہ حملہ آور تاحال مفرور ہے اور اس کے بارے میں عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ وہ اٹھارہ سے بیس سال کی عمر کا سفید فام لڑکا تھا جس کے سیاہ رنگ کے لمبے بال تھے۔
ہائی لینڈ پارک کے میئر نینسی روٹرنگ نے واققے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ایسے دن جب ہم ایک ساتھ آزادی منانے آئے تھے بجائے اس کے ہم قیمتی جانوں کے ضیاع پر غم منا رہے ہیں اور دہشت گردی کا شکار ہیں۔
عہدیداروں مطابق فائرنگ صبح 10:14 بجے شروع ہوئی تھی۔
ایف بی آئی، اسٹیٹ پولیس اور مقامی شیروف کے دفتر سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوع پر کارروائی کر رہے ہیں۔
فائرنگ کے بعد ہائی لینڈ پارک اور قریبی علاقے ایونسٹن میں 4 جولائی کے حوالے سے شیڈول تمام تقریبات منسوخ کرنے کا اعلان کیا گیا۔
گن وائلینس آرکائیو ویب سائٹ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ امریکا میں جاری واقعات کا تسلسل ہے جہاں ایک سال میں آتشیں اسلحے کے حملوں اور خودکشیوں سمیت چالیس ہزار اموات ہوئی ہیں۔
یاد رہے، امریکہ میں اسلحہ کنٹرول کرنے کی بحث مئی میں ہونے والے دو بدترین حملوں کے بعد عروج کو پہنچی تھی جہاں نیویارک میں 10 سیاہ فام دکانداروں اور ٹیکساس کے ایلیمنٹری اسکول میں بچوں سمیت 21 افراد کو ہلاک کیا گیا تھا۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News