امریکی صدر جوبائیڈن نے اقوام متحدہ کی اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان کو اس وقت سب کی مدد کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے موسمیاتی تبدیلی کو عالمی دنیا کے لیے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے سیلابی صورتحال کا سامنا ہے، اس کا زیادہ تر حصہ پانی میں ڈوبا ہوا ہے، پاکستان کو اس وقت سب کی مدد کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ رواں مون سون سیزن کے دوران طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث پاکستان میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔
حکومتی اعدادوشمار کے مطابق تقریباً 1600 کے قریب افراد ان بارشوں میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ افراد کی تعداد 33 لاکھ کے قریب ہے، 7 ہزار کلومیٹر سڑکیں سیلابی پانی میں بہہ گئی ہیں، جبکہ سیلاب کی تباہ کاری کے نتیجے میں 5 سو کے قریب پُل بھی ناکارہ ہو چکے ہیں۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی کی قیمت انسانیت کو ادا کرنا پڑرہی ہے، ہمیں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس زیادہ وقت نہیں ہے، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات بڑھتے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ زمین کو ماحولیاتی تبدیلی سے بچانے کیلئے گرین انرجی پلان کی ضرورت ہے۔
جو بائیڈن کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو ختم کرنے کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا، ہمیں معاشی بہتری کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے،امریکہ انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کرنے پر یقین رکھتا ہے۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ سلامتی کونسل کے رکن ملک نے پڑوسی ملک پر حملہ کیا، روسی صدر کا دعویٰ تھا کہ ملک کوخطرہ تھا لیکن ایسی کوئی بات نہیں تھی۔
جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ امریکہ یوکرین کی بھرپور مدد کررہا ہے، یوکرین کی جنگ صرف ایک شخص کی ہے۔
صدر جوبائیڈن نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ روس نے اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کی ہے، امریکہ یوکرین جنگ کا خاتمہ چاہتا ہے، ہم روس کی جارحیت کے خلاف کھڑے رہیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News