ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے پاکستان میں انتخابی عمل کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے واشنگٹن میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان میں ہونے والے دھماکے میں ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا۔
میتھیو ملر نے کہا کہ پاکستان میں پی ٹی آئی کی ریلی پر حملے سے متاثر ہونے والوں کے لیے اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستانی عوام کی برداشت اور ان کی بحالی کی صلاحیت پر یقین رکھتے ہیں۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ یہ ان حملوں میں سے ایک ہے جو ہم نے گزشتہ ماہ متعدد جماعتوں کے خلاف دیکھے ہیں۔ پاکستان بھر میں الیکشن کمیشن خود کئی جگہوں پر حملوں کی زد میں آیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم انتخابی عمل کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی تشدد کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ پاکستانی عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ بلا خوف و خطر اور انتقامی کارروائی یا تشدد کے بغیر اپنے لیڈر کا انتخاب کریں۔
میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ ہم پورے خطے میں دہشت گرد گروپوں کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ ہم پاکستان میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں۔
بھارت کو ڈرون کی فروخت روکنے کی خبر سے متعلق سوال پر میتھیو ملر نے کہا کہ یہ ایک مجوزہ فروخت ہے جس کا اعلان گزشتہ سال وزیر اعظم مودی کے دورے کے دوران کیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی کانگریس ہتھیاروں کی منتقلی کے عمل میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہے۔ باضابطہ اطلاع سے پہلے کانگریس کے اراکین برائے خارجہ امور کی کمیٹیوں کے ساتھ معمول کے مطابق مشاورت کرتے ہیں۔میرے پاس اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں ہے کہ یہ رسمی اطلاع کب ہو سکتی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News