کامن ویلتھ مبصرین نے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور پاکستان میں ہونے والے انتخابی عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق کامن ویلتھ آبزرورز گروپ نے وفاقی دارالحکومت کے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور انتخابی عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ملک بھر میں جاری عام انتخابات کے سلسلے میں پولنگ کے عمل کا جائزہ لینے کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے مدعو کیے گئے بیرون ملک سے آئے مختلف مبصرین و صحافیوں نے ووٹنگ کی صورتحال کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔
کامن ویلتھ آبزرورز کے 25 رکنی وفد نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 47 اسلام آباد کے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا، جس کا مقصد انتخابی عمل کا جائزہ لینا ہے۔
اس دوران کامن ویلتھ آبزرورز وفد نے پولنگ کے عمل کو شفاف قرار دیتے ہوئے انتخابات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
دوسری جانب کامن ویلتھ آبزرورز کے وفد نے مادھون محمد کی سربراہی میں گوجر خان کا دورہ کیا اور این اے 52 اور پی پی 8 کے آر او آفس کا جائزہ لیا۔ وفد نے ایم سی بوائز ہائر سیکنڈری اسکول میں پولنگ کے عمل کا جائزہ بھی لیا اور ریٹرنگ آفیسر سے ملاقات کی۔
خیال رہے کہ دنیا بھر کے ذرائع ابلاغ کے نمائندگان اور مبصرین کی جانب سے پاکستان میں ہونے والے الیکشن کی کوریج اور نگرانی جاری ہے۔
پاکستان میں 349 غیر ملکی میڈیا کے صحافی انتخابات کی کوریج کر رہے ہیں۔ یہ صحافی اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں انتخابات کی کوریج کر رہے ہیں۔ انتخابات کے مبصرین کی مجموعی تعداد 103 ہے، جن میں سے 60 مبصرین پاکستان میں ہیں اور 43 کا تعلق دیگر ممالک سے ہے۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News