وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ چین جیسے دیرینہ دوست کے ساتھ تعلقات پر سیاست کی کسی بھی قسم کی گنجائش نہیں، دورہ چین کے بعد مفاہمتی یادداشتوں اورمعاہدوں پر پیش رفت کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چین کے سرکاری ادارے “چائنا پبلک ڈپلومیسی ایسوسیشن” کی دعوت پر چین کے سرکاری دورے سے واپس آنے والے صحافیوں کے سات رکنی وفد نے آج لاہور میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی، چین پاکستان اقتصادی راہداری جیسے قومی نوعیت کے ترقیاتی منصوبوں پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کام کرنا چاہئیے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ اللہ رب العزت نے جب جب اس قوم کی خدمت کا موقع دیا، خود سے یہ عہد کیا کہ ملکی ترقی پر اپنی تمام تر توانائیاں مرکوز کروں، اپنے حالیہ دورہ چین میں چینی قیادت اور چینی عوام کی جانب سے مثالی مہمان نوازی پر انکے مشکور ہیں۔
انھوں نے کہا کہ حالیہ دورہ چین کے بعد مفاہمتی یادداشتوں اورمعاہدوں پر پیش رفت کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔ پاکستان میں چینی باشندوں کی سیکیورٹی کیلئے تمام تراقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں، چین جیسے دیرینہ دوست کے ساتھ تعلقات پر سیاست کی کسی بھی قسم کی گنجائش نہیں۔
وزیرِاعظم نے مزید کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے، چینی ماہرین کے پاکستان کے حالیہ دورے میں مختلف شعبوں میں تعاون کے مزید فروع پر مثبت پیش رفت ہوئی۔
ملاقات میں وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔ وفد کے ارکان نے وزیراعظم کو اپنے دورہ چین کے دوران تجربات اور پاک چین تعلقات کے حوالے سے اپنے خیالات سے آگاہ کیا۔
وفد نے اپنے دورہءِ چین کے دوران ہونے والی ملاقاتوں کی بنیاد پر وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ وفد نے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت کی کاروبار و سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
وفد نے وزیرِاعظم کو چینی قیادت اور چینی عوام کے حکومت پاکستان کے بارے تاثرات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں چینی سرمایہ کاری بالخصوص چین پاکستان اقتصادی راہداری پر کام کی موجودہ رفتار اور منصوبوں کی تکمیل کیلئے وزیرِاعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومتی اقدامات پر اطمینان کا تاثر پایا جاتا ہے.
چینی عہدیداران نے شہبازاسپیڈ کا بارہا ذکر کرتے ہوئے وزیرِاعظم کے اصلاحاتی اقدامات کی بھی تعریف کی۔
وفد کے شرکا نے مزید بتایا کہ انکے حالیہ دورے کے دوران چینی عہدیداران سے ملاقات میں چین پاکستان معاشی شراکت داری کے بارے میں عمومی اور CPEC پر خصوصی گرم جوشی کا تاثر ملا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News