لاہور کے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں یوم شہدائے پولیس کی مرکزی تقریب منعقد کی گئی۔
یوم شہداء پولیس کی اس مرکزی تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، کمانڈنٹ چوہنگ ڈی آئی جی محبوب اسلم للہ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
پولیس ٹریننگ کالچ چوہنگ میں ہونے والی یوم شہدائے پولیس کی اس تقریب میں ایڈیشنل ائی جیز، ڈی آئی جیز اور سینئر پولیس افسران نے بھی شرکت کی۔
تقریب میں شہداء پولیس کے اہل خانہ اور بچوں کی بڑی تعداد میں شریک تھی، آئی جی پنجاب نے شہداء پولیس کے بچوں میں لیپ ٹاپس اور بائیسکلز تقسیم کیں۔
ترجمان پولیس کے مطابق شہداء پولیس کو لازوال قربانیوں کے اعتراف میں شایان شان خراج تحسین پیش کیا گیا۔
سی سی پی او لاہور نے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آج ارض پاک کے تحفظ کی خاطر جانیں قربان کرنے والے بہادر جانبازوں کے ساتھ تجدید عہد کا دن ہے، لاہور پولیس کے 333 پولیس افسران و اہلکاروں نے فرض کی راہ میں اپنی جانیں نچھاور کیں۔
بلال صدیق کمیانہ کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں، شہداء کا مشن وطن کا تحفظ اورامن ہے جو انشاء اللہ جاری و ساری رہے گا، وردی کا رنگ کچھ بھی ہو، سمندر میں سفید، ہوا میں نیلا، بارڈر پر خاکی، پولیس سمیت تمام شہداء اور غازیوں کوسلام پیش کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے قیام، بقا اور سا لمیت میں لاکھوں شہدا ء اور غازیوں کا لہو شامل ہے، اس عظیم فرض کی بجا آوری میں مستقبل میں بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، لاہورپولیس کرائم کنٹرول، دہشت گردی کے قلع قمع اور قیامِ امن سمیت شہریوں کی جان ومال کے تحفظ میں فرنٹ لائن پر اپنے فرائض ادا کررہی ہے۔
سی سی پی او نے کہا کہ آئی جی پنجاب کی قیادت میں لاہور پولیس اپنے شہداء کی فیملیز کی بہترین ویلفیئر کیلئے حکومتی تعاون اور دستیاب وسائل کے موثر استعمال سے بھرپور اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔
بلال صدیق کمیانہ کے مطابق لاہور پولیس نے شہداء پیکج کے تحت2017ء سے اب تک 50شہداء کے خاندانوں کو 78 کروڑ25 لاکھ روپے مالیت کے مکانات دیئے ہیں
سی سی پی او نے کہا کہ لاہور پولیس نے سال 2023ء میں ملازمین کے بچوں کے اسکالر شپس کی مد میں 50 خاندانوں میں 1 کروڑ 24 لاکھ 20 ہزارروپے سے زائد تقسیم کئے ہیں۔
سال 2023-24ء میں جہیز فنڈ کی مد میں شہداء کے 18 خاندانوں میں 56 لاکھ 60 ہزار روپے تقسیم کئے گئے ہیں۔
بلال صدیق کمیان نے کہا کہ شہداء کے ورثا کو گھروں کی فراہمی، بچیوں کی شادی، بچوں کی معیاری تعلیم اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
شہداء کے لواحقین کیلئے میرے دفتر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، محکمہ پولیس زندگی کے ہر موقع پر انکے شانہ بشانہ موجود رہے گا،
تقریب کے دوران سی سی پی او لاہور شہداء کے بچوں سے گھل مل گئے، بلال صدیق کمیانہ نے اہل خانہ سے مسائل دریافت کئے اور ویلفیئرکا سلسلہ یونہی جاری رکھنے کی یقینی دہانی کرائی۔
شہداء کے اہل خانہ نے محکمہ پولیس کا شکریہ ادا کیا، شہداء کے بچوں کا کہنا تھا کہ لاہور پولیس ایک مہربان باپ کی طرح ہمارا سہارا بنی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News