راولپنڈی: یوم استحصال کشمیر پر پاک فوج نے دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یوم استحصال کشمیر پر پیغام دینا چاہتا ہوں، حق خودارادیت کی تحریک میں کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مسئلہ کمشیر مقبوضہ کشمیر کی عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی ہر فورم پر حمایت جاری رکھی جائے گی، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ رواں سال دہشت گردی کے خلاف 23 ہزار 622 آپریشن کیے گئے، 15 دنوں میں آپریشنز کے دوران 24 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا جب کہ ڈی آئی خان میں اہم خارجی دہشتگرد کو جہنم واصل کیا گیا۔ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کو نوٹیفکیشن کے ذریعے فتنہ الخوارج کا نام دیا گیا، دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنے کے لیے روزانہ 100 سے زائد آپریشنز ہوتے ہیں۔ یہ فتنہ کوئی تحریک نہیں اور نہ ہی اس کا دین اسلام سے کوئی تعلق ہے، کالعدم ٹی ٹی پی سے جڑا ہر دہشت گرد خارجی پکارا جائے گا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ افواج پاکستان اور انٹیلیجنس ایجنسیزمتحرک ہیں، 2024 کے پہلے 7 ماہ میں بہادر نوجوانوں نے شہادت نوش کیا، پاکستان کی فوج قومی فوج ہے اور پاکستان کے افسران و جوان اشرافیہ میں سے نہیں۔ اس مافیا کو تکلیف ہے کہ پاک فوج پاکستان کی ترقی اور عوام کی فلاح کے لیے کیوں کام کررہی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ لڑی ہے، شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں اور افواج پاکستان عوام کی فلاح وبہبود کے لیے کوشاں ہے۔ افواج پاکستان، شہدا، لواحقین اور غازیوں پر فخر کرتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شہدا کے لواحقین اور غازیوں کے لیے پیکیجز دیے جاتے ہیں، محفوظ پاکستان ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے۔ عوام کےتعاون سے ہم ہر ایک چیلنج پر قابو پالیں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کہتے ہیں کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا قیام ایک اہم منصوبہ ہے، بلوچستان کے طالب علم ہمارا مستقبل ہیں اور طلباء کے لیے جامع پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ بلوچستان کے طلبا کو تعلیم کے ساتھ دیگرسہولیات دے رہے ہیں جب کہ افواج پاکستان کی جانب سے تعلیمی اداروں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں 80 ہزار بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں، ضم اضلاع میں فلاحی منصوبے بھی جاری ہیں۔ آزادجموں و کشمیر، جی بی میں بھی تعلیمی منصوبے جاری ہیں جب کہ بلوچستان کا پہلا منصوبہ یوتھ امپلائمنٹ اسکیم ہے اور بلوچستان میں ایف سی، پاک فوج کے 92 اسکولز ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 16 ایگرکلچر ریسرچ سینٹرز کی بھی تعمیر کی جارہی ہے، فوڈ سیکیورٹی، زرمبادلہ کی جانب ایک اہم قدم ہے جب کہ ملکی ترقی میں تعلیم کی بنیادی حیثیت ہے۔
ترجمان پاک فوج یہ بھی کہتے ہیں کہ ہم سیاسی مقاصد کے لیے تنقید کا نشانہ بنتے ہیں، تنقید سے کیا افواج پاکستان فلاح وبہبود کے کام چھوڑ دے؟، ایسےسوال، آگ لگانے والوں کو پہچانے کی ضرورت ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ فوج کسی سیاسی سوچ، ایک پارٹی کو لے کر نہیں چل رہی۔ فوج پاکستان کی ترقی لے کر چلی اور کبھی نہیں ہچکچائی، معاشی سیکیورٹی پاکستان کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News