بنگلا دیش کےخلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 17 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق 17 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کی قیادت شان مسعود کریں گے جبکہ نوجوان کھلاڑی سعود شکیل کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
سعود شکیل کو شاہین شاہ آفریدی کی جگہ نائب کپتان بنایا گیا ہے جو آسٹریلیا کے دورے پر نائب کپتان تھے۔
یہ فیصلہ انتہائی مصروف سیزن میں شاہین آفریدی کے ورک لوڈ کو سنبھالنے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
پاکستان ٹیم کو 21 اگست2024 سے 5 اپریل 2025 تک 9 ٹیسٹ 14 ٹی ٹوئنٹی اور کم ازکم 17 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے ہیں۔
ڈومیسٹک کرکٹ اور پاکستان شاہینز کی طرف سے عمدہ کارکردگی دکھانے والے محمد ہریرہ ،کامران غلام اور محمد علی کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان اور بنگلادیش کے مابین پہلا ٹیسٹ 21 سے 25 اگست تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔دوسرا ٹیسٹ کراچی میں 30 اگست سے3 ستمبر تک ہوگا۔
پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ 11 اگست سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔
بنگلا دیش ٹیسٹ ٹیم 17 اگست کو اسلام آباد پہنچے گی۔
جیسن گلیسپی کی ریڈ بال ہیڈ کوچ کی حیثیت سے یہ پہلی ٹیسٹ سیریز ہوگی۔
اس کے علاوہ بنگلا دیش اے کے خلاف پہلے چار روزہ میچ کے لیے پاکستان شاہینز کا بھی اعلان کردیا گیا ہے جس کی قیادت سعود شکیل کریں گے۔
ٹیسٹ اسکواڈ:
شان مسعود (کپتان) ، سعود شکیل ( نائب کپتان)، عامر جمال ( فٹنس سے مشروط)، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، کامران غلام، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد رضوان ( وکٹ کیپر)، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر) اور شاہین شاہ آفریدی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News