پاکستان کی ترقی اورخوشحالی اس کی جمہوری ترقی کے ساتھ جڑی ہوئی ہے، بلاول بھٹو
بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ترقی اورخوشحالی اس کی جمہوری ترقی کے ساتھ جڑی ہوئی ہے، جمہوریت اسی وقت فروغ پاتی ہے جب قانون کی حکمرانی ہو، ادارے مضبوط ہوں۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمہوریت کے عالمی دن پر پیغام میں کہا ہے کہ جمہوری اقدارکی پاسداری، انسانی حقوق کے تحفظ اورشمولیتی طرزِ حکمرانی کے فروغ کے عزم کی تجدید کرتے ہیں، جمہوریت صرف ایک نظامِ حکومت نہیں بلکہ ایک معاشرتی ڈھانچہ ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جمہوریت میں ہرشہری کی آواز سنی جاتی ہے، اس کا احترام کیا جاتا ہےاوراس کا تحفظ کیا جاتا ہے۔ ایک مضبوط جمہوریت کی طرف سفر مسلسل جاری رہنے والا عمل ہے۔ مضبوط جمہوریت کے لیے مستعدی، استقامت اور معاشرے کے تمام طبقات کی فعال شرکت کی ضرورت ہے، جمہوریت اسی وقت فروغ پاتی ہے جب قانون کی حکمرانی ہو، ادارے مضبوط ہوں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ جمہوریت اسی وقت فروغ پاتی ہے جب عوام کے حقوق ظلم اور ناانصافی سے محفوظ ہوں۔ اقوام متحدہ کے تھیم برائے یومِ جمہوریت، “مصنوعی ذہانت کی مدد سے بہتر طرز حکمرانی کے فروغ” کی توثیق کرتے ہیں۔ مصنوعی ذہانت کا ذمہ دارانہ اور اخلاقی استعمال بڑی اہمیت کا حامل ہے، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیزکو عوام کی خدمت کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے، جدید ٹیکنالوجیزکے استعمال کامقصد شفافیت، جوابدہی اورانسانی حقوق کا فروغ ہونا چاہیے۔
انھوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ جیسے جیسے مصنوعی ذہانت جدید طرزحکمرانی کا ایک طاقتور آلہ بنیں، تو اُن کی ترقی و استعمال جمہوری اقدار کے عین مطابق ہوں۔ ضروری ہےکہ جدید ٹیکنالاجی کے اثرات معاشرے پر منصفانہ اور شمولیتی ہوں۔ ہمیں جمہوری عمل اوراداروں کے تحفظ کے لیے اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ اجتماعی کاوشیں خاص طور پران وقتوں میں انتہائی ضروری ہیں جب جمہوریت اور ادارے خطرے میں ہوں۔ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی اس کی جمہوری ترقی کے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔ پیپلزپارٹی ہمیشہ جمہوریت کی جدوجہد میں سب سے آگے رہی ہے۔ قائدِ عوام شہید بھٹوسے لے کر شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قربانیوں تک، پیپلز پارٹی کی جدوجہد طویل ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہماری جماعت اس بات پر قائم ہے کہ شہید بھٹو اورشہید بی بی کے بنائے ہوئے جمہوری اقدار، ملک میں فروغ پاتی رہیں۔ پاکستانی نوجوانوں کو جمہوری عمل میں اپنی فعال شرکت کو یقینی بنانا چاہیے۔ پاکستان کے مستقبل کی ڈرائیونگ فورس ہمارے نوجوان ہیں۔ نوجوانوں کی شرکت ایک زیادہ شمولیتی، شفاف اور جوابدہ طرزِ حکمرانی کو یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔
بلاول بھٹو نے پیغام میں کہا کہ جمہوریت کو مضبوط اور انصاف، مساوات و انسانی وقار کے اصولوں کو قومی حکمرانی کا محور بنانے کے عزم کی تجدید کرتے ہیں، قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ ان اقدار کو برقراررکھیں۔ آئیے! ایسے پاکستان کی تعمیر کے لیے کام کرے جو روایتی اور ڈیجیٹل دونوں شعبوں میں حقیقی جمہوری روح کی عکاسی کرے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News