وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی جاری رکھے ہوئے ہے، ایس سی اوکے اجلاس میں بھی فلسطین کے معاملے پربات کرنا ضروری ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات عطااللہ تارڑنے چائنہ میڈیا گروپ کے زیر اہتمام منعقدہ میڈیا ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسٹیٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیزمیں چائنہ میڈیا گروپ کے زیر اہتمام تقریب میں شرکت میرے لئے باعث اعزاز ہے، ایس سی اوعلاقائی تعاون کے حوالے سے اہم فورم ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ کانفرنس کی میزبانی پاکستان کے لیے باعث اعزاز ہے، معیشت کے حوالے سے اچھی خبریں آ رہی ہے، معاشی ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں، انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں ہمارے 80 ہزار افراد شہید ہوئے۔
عطا تارڑنے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے حوالے سے علاقائی تعاون سے خطے میں امن کو فروغ ملے گا، پاکستان کا زہریلی گیسوں کے اخراج میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، موسمیاتی تبدیلی کے نقصانات کا سب سے زیادہ خمیازہ پاکستان کو بھگتنا پڑا، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے حوالے سے بھی علاقائی تعاون اہم ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ علاقائی ممالک کے تعاون سے ہم موسمیاتی تبدیلی کے ایجنڈے پر کام کرسکتے ہیں، ایس سی او کے پلیٹ فارم پر جب بھی بات ہوئی، ہم نے عالمی امن کی بات کی، آستانہ میں بھی ہم نے فلسطین کے مسئلے کو اجاگر کیا، ایس سی او کے اس اجلاس میں بھی فلسطین کے معاملے پر بات کرنا ضروری ہے۔
انھوں نے خطاب میں کہا کہ مشرق وسطیٰ میں طویل المدتی امن کے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا، دنیا کو ماننا ہوگا کہ فلسطین میں نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے، اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی جاری رکھے ہوئے ہے، ہم نے ایس سی او اور اقوام متحدہ کے فورمز پر فلسطین کے معاملہ پر مؤثر آواز اٹھائی۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ خطے میں امن اجتماعی کاوشوں سے ہی ممکن ہے، پاکستان کے معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں، پچھلی سہ ماہی کے دوران 8.8 ارب ڈالرکی ترسیلات وطن آئیں، پاکستان کی 68 فیصد آبادی نوجوانوں پرمشتمل ہے، ہمارے ہاں بڑی تعداد میں فری لانسرز موجود ہیں۔
انھوں نے مذید کہا کہ ایف بی آرکی ڈیجیٹلائزیشن پر کام کا آغاز کیا، ایف بی آراصلاحات کی بدولت ٹیکس فائلرزکی تعداد میں بھی اضافہ ہوا، ڈیجیٹل اکانومی ملک کے لئے بہت ضروری ہے، معاشی اقدامات کی بدولت شرح سود میں کمی ہوئی اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا، بہتراورروشن مستقبل کے لیے ڈیجیٹل اکانومی، تجارت و سرمایہ کاری کو بڑھانے پر توجہ دینا ہوگی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News