وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت تھرکول اینڈ انرجی بورڈ کا اجلاس، تھرکول منصوبے پر اہم فیصلے
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت 28 ویں تھرکول اینڈ انرجی بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں تھرکول بلاک 2 سے بجلی کی پیداواری صلاحیت اور دیگر اہم منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران بتایا کہ تھرکول سے سستی بجلی پیدا کی جارہی ہے، جس کی قیمت 4.8 روپے فی کے ڈبلیو ایچ ہے، جبکہ امپورٹڈ کوئلے سے 19.5 روپے فی کے ڈبلیو ایچ میں بجلی پیدا ہوتی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ تھرکول بلاک 2 کی مائننگ کیپسٹی 7.6 ایم ٹی پی اے ہے اور اس سے 1320 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جب سے بلاک 2 سے کوئلہ سپلائی شروع ہوئی ہے، حکومت کو 1.3 بلین ڈالر کی بچت ہوئی ہے اور 15 بلین روپے کی رائلٹی بھی ملی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بلاک 2 کے پراجیکٹ نے سماجی زندگی کو بہتر بنایا ہے اور 80 فیصد ملازمین کا تعلق سندھ سے ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ تھر کے علاقے میں 28 اسکولز بنائے گئے ہیں، جہاں 5000 بچے زیر تعلیم ہیں، جبکہ 5 اسپتال بھی قائم کیے گئے ہیں، جہاں سالانہ 80 ہزار مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے۔
بلاک 2 کے متاثرین کے لیے گھر بنائے گئے ہیں اور انہیں سولر بجلی فراہم کی گئی ہے
مزید برآں، اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ جامشورو، تھل اور ساہیوال کول پاور پلانٹس کو تھرکول پر منتقل کیا جائے گا، جس کی اسٹڈی تینوں پراجیکٹس کی منتقلی کے لیے جاری ہے۔
وفاقی سیکریٹری فخر عالم نے بتایا کہ وزیراعظم نے بھی پراجیکٹس کی تھرکول پر منتقلی کی ہدایت دی ہے۔
اس موقع پر سیکریٹری انرجی مصدق ملک نے تھر سے پورٹ قاسم تک ریلوے لائن بچھانے کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کا کام ایف ڈبلیو او کو سونپ دیا گیا ہے اور زمین کے حصول کے لیے کمشنر میرپور خاص اور تھر کے متعلقہ حکام کو ہدایات دے دی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اس منصوبے کو صوبے کی ترقی کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریلوے لائن کے بچھانے سے پرائیویٹ کول پلانٹس کو کول سپلائی کرنا ممکن ہو سکے گا۔
اس منصوبے سے تھر کے علاقے میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی اور معیشت کو فروغ ملے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News