وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہونہار اسکالرشپ پروگرام کا افتتاح کیا اور اسکالرشپس کے چیک طلبہ میں تقسیم کیے۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے، اور آج وہ ایک ماں کے طور پر خطاب کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو صرف اسکالرشپس نہیں بلکہ ان کی محنت کا میٹھا پھل مل رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے ہر ہونہار طالب علم کو اعلیٰ تعلیم سے محروم نہیں رہنے دیا جائے گا، اور ان کی تعلیم کی ذمے داری صرف ان کے والدین کی نہیں بلکہ مریم نواز کی بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کا فرض ہے کہ وہ آنے والی نسلوں کے لیے کام کریں، اور وہ خود دن رات طلبہ کے مستقبل کے بارے میں سوچ رہی ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ اس سال 30 ہزار اسکالرشپس کے لیے 70 ہزار درخواستیں آئیں، اور تمام اسکالرشپس 100 فیصد میرٹ پر دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ 60 فیصد اسکالرشپس طالبات کو دی گئیں اور کوئی بھی طالب علم یہ نہ بتائے کہ اسے سفارش پر اسکالرشپ ملی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت جلد ہی ہونہار طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ اسکیم بھی متعارف کرائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیاستدان کی پہچان اس بات میں ہے کہ وہ نوجوانوں کی تعلیم اور ترقی پر کتنی سرمایہ کاری کرتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان میں بہترین یونیورسٹیاں موجود ہیں، لیکن ان کا نیشنل رینکنگ میں کوئی قابل ذکر مقام نہیں ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ نواز شریف انٹرنیٹ سٹی بنانے جا رہے ہیں، اور عالمی یونیورسٹیوں کے کیمپس پاکستان میں لائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے خطاب کے آخر میں کہا کہ نوجوانوں کے لیے شروع کیے گئے تمام منصوبوں میں ہزاروں نوجوانوں کو انٹرن شپ فراہم کی جا رہی ہے، اور ان کی کامیابی کے لیے حکومت مکمل طور پر متعہد ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News