
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور بانی رکن تاج حیدر کے انتقال پر مختلف حکومتی اور سیاسی رہنماؤں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
تاج حیدر کی جمہوریت کے لیے خدمات، پارٹی کے لیے جدوجہد اور ذاتی اخلاقی قدروں کو سراہا گیا ہے۔ مختلف رہنماؤں نے ان کی وفات کو پارٹی اور ملک کے لیے بڑا نقصان قرار دیا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا اظہار افسوس
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے تاج حیدر کے انتقال پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم تاج حیدر پاکستان پیپلز پارٹی کے اہم اثاثہ تھے اور وہ پارٹی کے نظریاتی کارکنوں میں سے ایک تھے۔
ان کی وفات سے پیپلز پارٹی ایک اہم سیاسی رہنما سے محروم ہو گئی ہے۔ انہوں نے تاج حیدر کی پیپلز پارٹی اور جمہوریت کے لیے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا انتقال ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔
صدر مملکت نے سوگوار خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
وزیر اعظم کا اظہار افسوس
وزیر اعظم پاکستان نے بھی تاج حیدر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ “تاج حیدر کی وفات سے پاکستان ایک اہم سیاسی رہنما سے محروم ہو گیا ہے۔ ان کی جمہوریت کے لیے کی جانے والی جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
وزیر اعظم نے سوگوار خاندان کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے مرحوم کی مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا تعزیتی پیغام
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان ایک مدبر اور سنجیدہ سیاست دان سے محروم ہوگیا ہے۔
تاج حیدر پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اراکین اور بھٹو کے سچے سپاہی تھے۔ انہوں نے اللہ سے دعا کی کہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔
سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹینز نیر بخاری کا تعزیتی پیغام
پیپلز پارٹی پارلیمنٹینز کے سیکرٹری جنرل سید نیر بخاری نے بھی تاج حیدر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاج حیدر کا شمار پاکستان پیپلز پارٹی کے معتمد ساتھیوں میں ہوتا تھا۔
وہ آخری سانس تک پیپلز پارٹی اور بھٹو ازم کا علم تھامے رہے۔ نیر بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی بھٹو ازم کے نظریاتی لیڈر سے محروم ہو گئی ہے اور تاج حیدر کی آئینی، جمہوری اور پارلیمانی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
فریال تالپور کا اظہار تعزیت
پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی صدر و ایم پی اے فریال تالپور نے بھی تاج حیدر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تاج حیدر مرحوم نے پارٹی قیادت کی تین نسلوں کے ساتھ جمہوریت کے لیے جدوجہد کی، وہ ثابت قدم جیالے کا استعارہ تھے۔
فریال تالپور نے کہا کہ تاج حیدر کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا اور وہ ہمیشہ پارٹی قیادت اور جیالوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا تعزیتی پیغام
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے بھی تاج حیدر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ “تاج حیدر پیپلز پارٹی کے عظیم رہنما تھے اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ تاج حیدر جمہوریت کے سچے سپاہی، دیندار اور علم و عمل والے کھرے انسان تھے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تاج حیدر کے درجات بلند کرے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا کرے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News