
پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے ایک انگریزی اخبار میں شائع ہونے والے ادارئیے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کا نہروں سے متعلق موقف میں کوئی ابہام نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کا موقف اس معاملے میں مکمل طور پر واضح ہے اور صدر مملکت نے بھی اس تجویز کی مخالفت کی ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ میں یہ واضح طور پر کہا کہ وہ بطور صدر اس تجویز کی حمایت نہیں کرتے، اور انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اس موجودہ تجویز کو ترک کرے۔
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت نے حکومت کو یہ مشورہ دیا کہ وہ نہروں کی یکطرفہ تعمیر کے بجائے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر اس مسئلے کا حل تلاش کرے۔
شیری رحمان نے مزید کہا کہ صدر زرداری نے پارلیمنٹ میں کہا تھا کہ وہ دریائے سندھ سے مزید نہریں نکالنے کے فیصلے کی حمایت نہیں کر سکتے، کیونکہ اس سے وفاق پر سنگین اثرات پڑ سکتے ہیں۔
صدر مملکت نے آئینی طور پر وفاق کا نمائندہ ہونے کے ناطے نہروں کی یکطرفہ تعمیر پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور حکومت کو تمام صوبوں کے اتفاق رائے کے ساتھ نہروں کی تعمیر کا حل تلاش کرنے کی تجویز دی۔
شیری رحمان نے اس بات پر زور دیا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ وفاقی مفاد کو ترجیح دیتی ہے اور اس حوالے سے صدر مملکت کے موقف کی مکمل حمایت کرتی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News