اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت انٹر کے سالانہ امتحانات کا آج سے آغاز ہوگیا ہے، امتحانات میں شفافیت کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، امتحانات میں صبح اور شام کی شفٹوں میں 1 لاکھ 26 ہزار 500 سے زائد طلبہ و طالبات شرکت کر رہے ہیں۔
شیڈول کے مطابق صبح کی شفٹ میں صبح 9بجے سے 12بجے تک سائنس پری میڈیکل سمیت دیگر کے امتحانات ہوں گے، پرچے کا دورانیہ 3 گھنٹے یعنی 9 سے 12 تک ہے، صبح کی شفٹ میں 92 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات شریک ہوں گے۔
شام کی شفٹ میں دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک سائنس جنرل کے امتحانات لیے جائیں گے، شام کی شفٹ میں 34ہزار 500 سے زائد امیدوار شرکت کریں گے۔
صبح اور شام کی شفٹوں میں مجموعی طور پر 182 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جس میں 122 امتحانی مراکز صبح کی شفٹ میں جبکہ 60 شام کی شفٹ میں بنائے گئے ہیں، دونوں شفٹوں میں مجموعی طور پر 36 امتحانی مراکز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
انٹربورڈ آفس سے سامان کی ترسیل بھی جاری ہے، امتحانات کیلئے ضروری اشیاء امتحانی مراکز پہنچائی جارہی ہیں،
حکام کے مطابق بورڈ کے افسران پرچے کے دوران سینٹر ہی میں موجود رہیں گے، پرچہ ختم ہونے کے بعد اپنی نگرانی میں طلبہ کی جانب سے پُر کئے گئے جوابی پرچے سربمہر کرکے بورڈ آفس میں پہنچائیں گے۔
چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی غلام حسین سوہونے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ امتحانات کے پرامن و بلاتعطل انعقاد اور طلباء کی سہولت کیلئے انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ، کمشنر کراچی، ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ٹریفک کراچی ریجن، کے الیکٹرک کو خطوط لکھ دیئے گئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ36انتہائی حساس امتحانی مراکز پر خصوصی سیکیورٹی کی تعیناتی کیلئے پولیس کو خط لکھا ہے، امتحانات میں کسی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے اور نقل کی روک تھام کیلئے مانیٹرنگ سیل بنائے گئے ہیں۔
شہر کے تمام ڈسٹرکٹس میں ڈپٹی کمشنر آفسزمیں شکایتی سیل بھی قائم کیے گئے ہیں، جہاں انٹربورڈ کے نمائندے موجود ہوں گے، گرمی کی شدت کے پیش نظر ریسکیو 1122 کی خدمات حاصل کرنے کیلئے بھی خط لکھ دیا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ ہے، امتحانی مراکز کے اطراف فوٹو اسٹیٹ مشینوں کی دکانیں کھولنے اور امتحانی مراکز میں غیرمتعلقہ افراد کی آمدورفت پر سختی سے پابندی ہے۔
غلام حسین سوہو نے بتایا کہ ہر امتحانی مرکز کے پرچے میں اس امتحانی مرکز کا کوڈ ڈالا گیا ہے، اگر کوئی پرچہ لیک ہوتا ہے تو اس کوڈ کی وجہ سے فوری طور پر پتا چل جائے گا، مراکز میں کسی بھی قسم کی ڈیوائس یا موبائل فون ملنے کی صورت میں اسے ضبط کر لیا جائے گا۔
امتحانات بروز جمعرات 29 مئی 2025 تک جاری رہیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
